سماجوادی پارٹی نے بھی دورپورٹروں کے خلاف رپورٹ لکھوائی
مراد آباد: (اردودنیا.اِن)اتر پردیش کے مراد آبادمیں ایک صحافی پرمبینہ حملے کے معاملے میں سابق وزیراعلیٰ اکھلیش یادوکے خلاف ایف آئی آر درج کی گئی ہے۔ معلومات کے مطابق مراد آباد ضلعی انتظامیہ نے صحافیوں کے ایک گروپ کی جانب سے جمع کرائے گئے میمورنڈم پر یہ کارروائی کی ہے۔
اسی دوران سماج وادی پارٹی کے ضلعی صدر نے بھی دو نیوز رپورٹرز کے خلاف ایف آئی آر درج کروائی ہے۔ انہوں نے صحافیوں پرسابق وزیراعلیٰ کی سیکیورٹی پر حملہ کرنے کا الزام عائد کیاہے۔سابق وزیراعلیٰ کواس وقت مشتعل کیاگیاجب اکھلیش یادوکی پریس کانفرنس کے دوران ذاتی سوالات پوچھے گئے تھے۔
اس دوران کچھ صحافیوں کو مبینہ طورپرمارا پیٹا گیا۔ صحافیوں کے ذریعہ درج شکایت کے مطابق اکھلیش یادو کے کہنے پر ، ان کے محافظوں نے نامہ نگاروں پرحملہ کیا جس سے متعدد افراد زخمی ہوگئے۔ یہ الزام لگایا گیا ہے کہ اکھلیش یادو کے محافظوں اور ان کی پارٹی کے 20 سے زیادہ کارکنوں کی پٹائی کی وجہ سے بہت سارے صحافی بھی شدید زخمی ہوئے ہیں۔
اس کا اسپتالوں میں علاج چل رہا ہے۔صحافیوں سے میمورنڈم موصول ہونے کے بعد ضلعی انتظامیہ نے کارروائی کرتے ہوئے اکھلیش یادو کے خلاف ایف آئی آر درج کردی ہے۔ اسی کے ساتھ ہی اس کے جواب میں سماج وادی پارٹی کی جانب سے صحافیوں کے خلاف بھی مقدمہ درج کیاگیاہے۔اطلاعات کے مطابق دونیوز چینل کے نامہ نگاروں پر اکھلیش یادو کی سیکوریٹی پر حملہ کرنے اورانتشارپھیلانے کا الزام عائد کیاگیاہے۔




