بین الاقوامی خبریںسرورق

ایران، مشرق وسطیٰ کا سب بڑا خطرا ہے: اسرائیلی وزیر اعظم

مقبوضہ بیت المقدس:(ایجنسیاں)اسرائیلی وزیر اعظم بنیامین نیتن یاہو نے ایران کو کڑی تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے اسے دہشت گردی کا سرپرست قرار دیا ہے۔وہ سوموار کے روز اسرائیل کا دورہ کرنے والے امریکی وزیر دفاع لائیڈ آسٹن کے ہمراہ تل ابیب میں مشترکہ نیوز کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے۔

نیتن یاہو نے اس رائے کا اظہار کیا کہ ایران مشرق وسطیٰ کے لیے بہت بڑا خطرا ہے۔ تہران نے کبھی بھی نیوکلیئر ہتھیار تیار کرنے کی کوشش ترک نہیں کی۔ انھوں نے یہ بات زور دے کر کہی کہ اسرائیل، ایران کو کبھی جوہری صلاحیت حاصل کرنے کی اجازت نہیں دے گا۔ ان کے بقول اسرائیل ایرانی جارحیت کے خلاف اپنے دفاع کا حق استعمال کرتا رہے گا۔ اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے امریکی وزیر دفاع نے دونوں ملکوں کے درمیان تعلقات کی اہمیت کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ہم اسرائیل کی سکیورٹی اور اس کی خطے میں فوجی برتری کی ضمانت دیتے ہیں۔یاد رہے کہ لائیڈ آسٹن اتوار کے روز اسرائیل کے دورے پر پہنچے۔

جو بائیڈن حکومت کے اقتدار سنبھالنے کے بعد کسی بھی امریکی عہدیدار کا یہ پہلا دورہ اسرائیل ہے جس میں وہ امریکا کے ساتھ جوہری معاہدے میں واپسی سے متعلق تبادلہ خیال کرنے جا رہے ہیں۔ اسرائیل اس موقف کی مخالفت کرتا ہے۔امریکی وزیر دفاع کا دورہ اسرائیل واشنگٹن کے اس اعلان کے چند دن بعد ہو رہا ہے جس میں ایران کے ساتھ معطل کردہ جوہری معاہدے کی بحالی کے ضمن میں سنجیدہ نوعیت کی تجاویز پیش کی گئی ہیں، اسرائیل اس تجاویز کی مخالفت کرتا ہے۔

یہ نیوز کانفرنس ایسے وقت میں ہو رہی ہے جب ایران کی نطنز میں واقع جوہری تنصیبات کو اتوار کی صبح حملے کا نشانہ بنایا گیا، تاہم اس حملے کی مزید تفصیل سامنے نہیں آئی۔ ایران نے اس حملے کا ذمہ دار اسرائیل کو قرار دیتے ہوئے اس کا بدلہ لینے کا اعلان کیا ہے۔لائیڈ آسٹن پینٹاگان کا سربراہ بننے کے بعد اسرائیل کا پہلا دورہ کررہے ہیں۔انھوں نے اتوار کو اسرائیلی وزیر دفاع بینی گینز سے تل ابیب میں دوطرفہ تعلقات بالخصوص دفاعی شعبے میں دونوں ملکوں کے درمیان تعاون کو فروغ دینے سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا ہے۔

متعلقہ خبریں

Back to top button