
راج گڑھ:(اردودنیا.اِن/ایجنسیاں)ایم پی کے راج گڑھ ضلع ہیڈ کوارٹر کے نجی اسپتال میں زچگی کے دوران نوزائیدہ کی موت کے معاملہ میں غفلت برتنے کے الزام میں اسپتال مالکان سمیت 20 سے زائد افراد کے خلاف مختلف دفعات کے تحت ایف آئی آر درج کیا گیا ہے ۔پولیس کے ذرائع کے مطابق انتظامیہ کی تحقیقاتی رپورٹ کی بنیاد پر 22 افراد کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا ،جس میں ونود شرما، ساحل اور تنویر بھی شامل ہیں۔
پولیس کا کہنا ہے کہ اس معاملہ میں مکمل تفتیش کے بعد مزید قانونی کارروائی کی جائے گی۔ذرائع کے مطابق کلکٹریٹ میں کام کرنے والے اسٹینو ٹائپسٹ اجے نکوال کی اہلیہ کے زچگی کے دوران بچے کی موت ہوگئی تھی۔ اس معاملے میں متاثرہ شخص نے شکایت کرتے ہوئے واقعہ سے پولیس اور انتظامیہ کو آگاہ کرایا۔ ضلع کلکٹر نیرج کمار سنگھ نے اس معاملے کی تحقیقات کے لئے ایک کمیٹی تشکیل دی۔
کمیٹی نے اپنی تفتیش میں پایا کہ غیر مجاز ڈاکٹروں ، ملازمین اور دوا فروشوں وغیرہ کے ذریعہ بغیر مجازاجازت کے نرسنگ ہوم چلاکر صحیح علاج نہیں کیا جارہا تھا۔ اس دوران دیگر غفلتوں کا بھی انکشاف ہوا۔ اسپتال کے معائنے کے دوران بے ضابطگیوں کی شکایات درست پائے جانے پر ٹیم نے اسپتال کو سیل کردیا گیاہے۔
دریں اثنا راج گڑھ کے سب ڈویژنل مجسٹریٹ کی جانب سے ایک درخواست انکوائری رپورٹ کے تھانہ میں پیش کی گئی۔ پولیس نے اس رپورٹ کی بنیاد پر اسپتال سے وابستہ 22 افراد کیخلاف مقدمہ درج کرلیا ہے۔



