

نئی دہلی:(اردودنیا.اِن) ویسٹ انڈیز کی ٹیم نے اوپنر ایون لیوئس کی شاندار سنچری کی بدولت سری لنکا سے تین ون ڈے میچوں کی سیریز جیت لی ہے۔ مسلسل دوسرے میچ میں ویسٹ انڈیز کی ٹیم نے سری لنکا کو شکست دی اور میچ 5 وکٹوں سے جیت لیا۔ سری لنکا نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 50 اوور میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 274 رنز بنائے۔
ویسٹ انڈیز نے 5 وکٹ کے نقصان پر یہ ہدف حاصل کرلیا۔میزبان ویسٹ انڈیز نے ٹاس جیت کر سری لنکا کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی ۔ ٹیم کا آغاز اچھا نہیں تھا اور کپتان ڈموت کرونارتنے 7 رنز بنا کر واپس لوٹ گئے۔ اس کے بعد پاتھون نشینکا اور پھر اسدا فرنینڈو بھی اپنی وکٹ گنوا بیٹھے۔ آخری میچ میں متنازعہ طور پر آؤٹ ہونے والے اوپنر دنوشکا گناتیلاکا نے دنیش چنڈیمل کے ساتھ اننگز سنبھال لی۔دونوں بلے بازوں نے چوتھی وکٹ کے لئے 100 رنز کی شراکت کی۔ اس جوڑی کو جیسن محمد نے توڑا ۔
سنچری سے محض 4 رنز دور دانوشکا کو محمد نے بولڈ کردیا ۔ 96 گیندوں پر انہوں نے 10 چوکوں اور 3 چھکوں کی مدد سے 96 رنز بنائے۔ اس کے بعد چنڈیمل 71 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے اور محمد نے سری لنکن کے بڑے اسکور کی امیدوں کو ختم کردیا ۔
ٹیم نے 8 وکٹوں پر 274 رنز بنائے۔اوپنرز ایون لیوئس اور شائی ہوپ نے ویسٹ انڈیز کے لئے مضبوط آغاز کیا۔ انہوں نے مل کر پہلی وکٹ کے لئے 192 رنز کی شراکت دی اور ٹیم کی فتح کو یقینی بنایا۔ لوئس نے 121 گیندوں میں 103 رن کی عمدہ اننگز کھیلی۔
اس دوران انہوں نے 8 چوکے اور 4 چھکے لگائے۔ اسی کے ساتھ ہی ہوپ نے 108 گیندوں پر 6 چوکوں کی مدد سے 84 رنز بنائے۔ 49.4 اوور میں 5 وکٹیں گنوا کر میزبان ٹیم نے فتح کا ہدف حاصل کرلیا۔



