
آندھراپردیش میں کورونا کی صورتحال ابتر ، اننت پور میں انتہائی سنگین واقعہ
تلنگانہ:(اردودنیا.اِن/ایجنسیاں)ملک بھر میںکورونا کے کیس اور اموات روزانہ عالمی ریکارڈ قائم کر رہے ہیں ہاسپٹلس میں بیڈس کی قلت پید ہوگئی ہے ۔ کئی مقامات پر ایک بیڈ پر دو مریضوں کا علاج کیا گیا ہے ۔ مگر آندھراپردیش میں ایک بیڈ پر کورونا سے فوت ہونے والے شخص کی نعش کے ساتھ اسی بیڈ پر دوسرے کورونا سے متاثر شخص کا علاج کیا جارہا ہے ۔
جس سے اندازہ ہوتا ہیکہ آندھراپردیش میں کتنی تیزی سے کورونا کے معاملات میں اضافہ ہو رہا ہے ۔ گذشتہ دو تین دن سے آندھراپردیش میں کورونا کے 20 ہزار سے زائد کیس درج ہو رہے ہیں ۔ تمام سرکاری و خانگی ہاسپٹلس میں بیڈ فل ہوگئے ہیں ۔ مریضوں کو ہاسپٹلس میں بیڈس حاصل کرنے میں کافی دشواریوں پیش آرہی ہے ۔ اننت پور کے گورنمنٹ سرواجنا میڈیکل کالج کے کوویڈ شعبہ میں بیڈس کی قلت پیدا ہوگئی ہے ۔ جس کی وجہ سے ایک ہی بیڈ پر دو مریضؤں کو آکسیجن کی سہولت فراہم کی جارہی ہے ۔
کنے کلومنڈل سے تعلق رکھنے والا ضعیف شخص سُنکنا کورونا کی علامتوں کے ساتھ جمعرات کو ہاسپٹل پہونچا تھا ۔ سانس لینے میں کافی تکلیف محسوس ہو رہی تھی ۔ جس کیلئے ہاسپٹل میں بیڈ دستیاب نہیں تھا ۔ ایک کورونا سے متاثر ہوکر زیر علاج نوجوان کے بیڈ پر ہی اس ضعیف شخص کو لٹا کر آکسچیجن فراہم کرتے ہوئے علاج کیا جارہا تھا ۔
چند گھنٹوں میں ہی اس ضعیف شخص کی موت واقع ہوگئی ۔ نعش کے ساتھ ہی نوجوان کو دو گھنٹوں تک آکسیجن فراہم کرتے ہوئے علاج کیا گیا۔ اس سے اندازہ ہوتا ہے کہ آندھراپردیش میں کورونا کی کتنی سنگین صورتحال ہے ۔



