واشنگٹن،21؍جنوری( ایجنسیاں)ڈیموکریٹک پارٹی سے وابستہ جو بائیڈن نے چھیالیسویں امریکی صدر کے طور پر حلف اٹھا لیا۔ گزشتہ روز واشنگٹن میں منعقدہ حلف برداری کی تقریب کے فوراً بعد بائیڈن نے انتخابی مہم کے دوران کیے گئے اپنے وعدوں کو عملی جامعہ پہنانا شروع کر دیا۔ پہلے ہی دن انہوں نے کئی صدارتی حکم ناموں پر دستخط کیے۔ 13 اکثریتی مسلم ممالک کے شہریوں کے امریکا داخلے پر پابندی اب ختم کر دی گئی ہے جبکہ امریکا میں غیر قانونی تارکین وطن کے لیے شہریت کے حصول کی راہ بھی ہموار ہو گئی ہے۔ امریکا تحفظ ماحول کے لیے طے کردہ پیرس معاہدے کا بھی دوبارہ حصہ بن گیا ہے۔



