بحرین:کووِیڈ-19کی ویکسین لگوانے والوں کے لیے ڈیجیٹل پاسپورٹ کا اجرا

دبئی: (ایجنسیاں/اردودنیا.اِن)بحرین نے کووِڈ-19 کی ویکسین لگوانے والے شہریوں اور مکینوں کے لیے ایک نئے ڈیجیٹل پاسپورٹ کا اجرا کیا ہے۔وہ اس طرز کا ویکسین پاسپورٹ جاری کرنے والا دنیا کا پہلا ملک ہے۔رپورٹ کے مطابق اس ئبی اوئیر ایپ‘ (BeAware App)میں کروناوائرس کی ویکسین لگوانے والوں میں دوہفتہ کے بعد مدافعتی درجہ ظاہر ہوگا کیونکہ ویکسین لگوانے کے دو ہفتے کے بعد ہی کووِڈ-19 کے مرض کے خلاف مدافعتی اینٹی باڈیز پیدا ہوں گی

۔بی این اے کے مطابق ایک فرد جب ویکسین کی دونوں خوراکیں لگوا لے گا تو ایپ پر یہ ظاہر ہوگا کہ ’’اس فرد کو کووِڈ-19 کی ویکسین لگ چکی ہے۔‘‘اس کے ساتھ ایک سرکاری سرٹی فکیٹ ظاہر ہوگا۔اس میں اس فرد کا نام،تاریخ پیدائش،قومیت اور ہر ایک خوراک کی تفصیل ہوگی۔بحرینی حکام ایپ پر کیوآرکوڈ کو سکین کرنے کے بعد اس سرٹی فیکیٹ کے مصدقہ ہونے کی تصدیق کرسکیں گے۔
یہ قومی ویکسین رجسٹر سے بھی مربوط ہوگا۔تاہم شہریوں اورمکینوں کو ویکسین لگانے کا سرٹی فکیٹ اسی صورت میں جاری کیا جائے گا جب انھیں 21 دن کے وقفے سے ویکسین کے دونوں ٹیکے لگ چکے ہوں گے۔واضح رہے کہ بحرین میں حکام نے چار ویکسینوں کے استعمال کی منظوری دی تھی اور یہ حکومت کی جانب سے مفت لگائی جارہی ہیں۔



