بدعنوانی کے معاملے میں مہاراشٹر کے سابق وزیر داخلہ انیل دیشمکھ کے خلاف ایف آئی آر درج
ممبئی:(اردودنیا.اِن)ممبئی کے سابق پولیس کمشنر پرمبیر سنگھ کی طرف سے لگائے گئے الزامات کے سلسلے میں سی بی آئی نے ہفتے کے روز مہاراشٹر کے سابق وزیر داخلہ انیل دیشمکھ اور دیگر کے خلاف ایف آئی آر درج کی۔ اس معاملے میںسی بی آئی مختلف مقامات پر تفتیش کررہی ہے۔ واضح ہو کہ ممبئی پولیس کمشنر کے عہدے سے ہٹائے جانے کے بعد پیرمبیر سنگھ نے مہاراشٹر کے وزیر اعلی ادھو ٹھاکرے کو ایک خط لکھا تھا جس میں کہا گیا تھا کہ دیش مکھ نے واجے سمیت کچھ پولیس افسران کو ریستوراں اور باروں سے ہر ماہ 100 کروڑ روپئے اکٹھا کرنے کا ہدف رکھا ہے ۔
دیشمکھ نے ان الزامات کی تردید کی تھی۔ ابتدائی تحقیقات کا حکم ملنے کے بعد دیشمکھ نے اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا تھا۔عہدیداروں نے بتایا کہ ممبئی کے سابق پولیس کمشنر پرمبیر سنگھ کے ذریعہ لگائے گئے الزامات کی تحقیقات کرنے والے بامبے ہائی کورٹ کے ایک حکم پر تفتیشی ایجنسی نے دیشمکھ کے خلاف ابتدائی تحقیقات کا آغاز کیا تھا۔
عہدیداروں کے مطابق تحقیقات کے دوران سی بی آئی کو بدعنوانی کی روک تھام ایکٹ کی دفعات کے تحت دیش مکھ اور دیگر نامعلوم افراد کے خلاف مقدمہ درج کرکے تفتیش شروع کرنے کے لئے کافی مواد ملا۔ انہوں نے کہا کہ مقدمہ درج کرنے کے بعد سی بی آئی نے ممبئی کے متعدد مقامات پر چھاپہ مارا ۔



