نئی دہلی:(اردودنیا.اِن/ایجنسیاں)پی ایم مودی نے آج وارانسی کے ہیلتھ ورکرزکے ساتھ ایک بات چیت میں کہا کہ کورونا کے اس مشکل وقت میں کاشی کے لوگوںنے واقعی ایک قابل ستائش کام کیا ہے۔ وزیر اعظم جذباتی ہوتے ہوئے کہا کہ آپ نے لوگوں کی خدمت کی ہے۔ میں ان تمام لوگوں کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں جنہوں نے اپنے پیاروں کو کھو دیا ہے اور ان کے اہل خانہ سے اظہار تعزیت کرتا ہوں، کورونا وائرس کے اس دور میں یوگا اور آیوش نے لوگوں کی طاقت اور حوصلے میں اضافہ کیا ہے۔
پی ایم مودی نے کہا کہ لاپرواہی کا وقت نہیں ہے ہمیں ابھی طویل جنگ لڑنی ہے۔ ابھی ہمیں بنارس اور پروانچل کے دیہی علاقوں پر بھی بہت زیادہ توجہ دینی ہوگی۔ اب ہمارا منتر ہوگا ، جہاں بیمار وہیں علاج ۔ جتنا علاج ہم لوگوں کے پاس لے جائیں گے ہیلتھ ورکرز پر بوجھ کم ہوگا۔جہاں بیمار وہاں علاج اس اصول پر توجہ دیں۔
وزیر اعظم نے کہا کہ ویکسینیشن کو بھی بڑے پیمانے پر عوامی مہم کا حصہ بنانا ہے۔ اس سے قبل ہزاروں بچے اتر پردیش میں دماغی بخار کی وجہ سے ہلاک ہوتے تھے۔ اس وقت یوگی جی ایم پی ہوتے تھے ، پارلیمنٹ میں روپڑتے تھے۔ یہ سلسلہ برسوں تک جاری رہا ، جب یوگی وزیر اعلی بنے اور حکومت ہند اور ریاستی حکومت نے مل کر دماغی بخار کے خلاف ایک بہت بڑی مہم شروع کی اور بڑی تعداد میں ہم بچوں کی جانیں بچانے میں کامیاب ہوئے۔



