
کولکاتہ(اردودنیا.اِن)مغربی بنگال میں اسمبلی انتخابات ہورہے ہیں ،اس دوران کرونا کے بڑھتے ہوئے کیسز کے پیش نظر الیکشن کمیشن نے باقی تین مراحل کے لئے انتخابی مہم کا وقت کم کردیا ہے۔ نئے ضابطہ کے مطابق اب انتخابی مہم ووٹنگ سے 72 گھنٹے پہلے ختم ہوجائے گی۔اس کے علاوہ نئے ضابطہ کے تحت الیکشن کمیشن نے کرونا کے پیش نظر مغربی بنگال میں جمعہ سے شام 7 بجے سے صبح 10 بجے تک تمام ریلیوں اورسیاسی اجلاس پر پابندی عائد کردی ہے۔
واضح ہو کہ اس سے قبل الیکشن کمیشن کا مغربی بنگال اسمبلی انتخابات کے بقیہ آخری چار مراحل کو ایک ساتھ کرائے جانے کے ضمن میں جواب بھی آیا تھا۔ جمعرات کو الیکشن کمیشن نے کہا کہ بنگال میں انتخابات کے بقیہ چار مراحل ایک ساتھ کرائے جانے کا کوئی منصوبہ نہیں ہے۔واضح ہوکہ پورے ملک میں کرونا وائرس کے بڑھتے ہوئے کیسز کے پیش نظر یہ قیا س آرائی تھی کہ بنگال میں بقیہ مراحل کے انتخابات بیک وقت ہوسکتے ہیں۔وزیراعلیٰ ممتا بنرجی نے بھی بقیہ مراحل بیک وقت کرائے جانے کی اپیل کی تھی۔



