
رسیک پور (مغربی بنگال): (اردودنیا.اِن)پولیس نے منگل کے روز مغربی بنگال کے ضلع پورب وردھمان کے رسیک پور تھانہ علاقہ میں بم دھماکے میں ایک بچے کی ہلاکت کے سلسلے میں مقدمہ درج کرلیا۔ایک سینئر پولیس افسر نے بتایا کہ کولکاتہ سے فورنسک ٹیم موقع پر پہنچ گئی ہے اور کسی بھی طرح کے ثبوتوں میں کسی قسم کی چھیڑ چھاڑ سے بچنے کے لئے علاقے میں پولیس فورس کی ایک بڑی تعداد تعینات کردی گئی ہے۔
ابتدائی تفتیش میں پتہ چلا ہے کہ یہ بم مٹی کے برتن میں رکھے گئے تھے۔عہدیدار نے بتایا کہ ابتدائی تفتیش کی جا رہی ہے۔ پیر کے روز رسیک پور کے سبھاش پلی کے دیہی علاقے میں بم پھٹنے سے ایک سات سالہ بچہ جاں بحق جبکہ ایک بچہ زخمی ہوگیا۔
تھانہ وردھمان کے انچارج انسپکٹر پنٹو ساہانے بتایا تھا کہ یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب 7سالہ شیخ افروز اور 9سالہ شیخ ابراہیم اپنے گھر کے قریب کھیل رہے تھے۔اس واقعے کے بعد الیکشن کمیشن نے ریاستی انتظامیہ سے رپورٹ طلب کی ہے۔



