پٹنہ:(اردودنیا.اِن)بہار کے کشن گنج تھانہ ٹاؤن کے پولیس اسٹیشن کے تھانہ انچارج کو بنگال میں ہجومی تشدد کا سامنا کرنا پڑا، جس میں موصوف کی موت ہوچکی ہے ۔یہ واقعہ ہفتے کی صبح تین بجے کے قریب اُس وقت پیش آیا جب ایس ایچ او بنگال کے اسلام پور علاقہ میں موٹرسائیکل چوروں کی گرفتاری کے لئے بہار بارڈ ر سے نکلے تھے ۔ یہ علاقہ کشن گنج شہر سے محض12 کلومیٹر کی دوری پر واقع ہے ، لہٰذا پولیس ٹیم کو اندھیرے میں دوسری ریاست کی سرحد کا پتہ نہ چل سکا،پولیس اہلکار مجرموں کے تعاقب میں بڑھتے ہی گئے ،
تاہم مجرموں نے عوام کو مشتعل کیا، اور ہجوم نے ایس ایچ او کو پیٹ پیٹ کر ہلاک کردیا۔واضح ہو کہ مجرموں نے یہ افواہ پھیلائی تھی کہ بہار پولیس بنگال انتخابات میں مداخلت کرنے آئی ہے، یہ سن کرمقامی لوگ مشتعل ہوگئے اور کشن گنج پولیس ٹیم کا گھیراؤ کرلیا۔ اس دوران باقی پولیس اہلکار کسی طرح فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے، لیکن ایس ایچ او شونی کمار الزام کی وضاحت کے عمل میں پھنس گئے ،بعد ازاں ہجوم نے پیٹ پیٹ کر موت کے گھاٹ اتار دیا۔واضح ہو کہ یہ واقعہ مغربی بنگال کے جس علاقہ میں پیش آیا ہے ، وہ مغربی بنگال کے گول پوکھر اسمبلی حلقہ کے تحت آتاہے، یہاں22 اپریل کو ووٹنگ ہوگی۔خیال رہے کہ اشونی کمار کی لاش کشن گنج پولیس لائن لائی گئی ،
جہاں انہیں گارڈ آف آنر پیش کیا گیا ۔ اس دوران ڈی ایم ڈاکٹر آدتیہ پرکاش ، ایس پی کمار آشیش اور آئی جی بھی موجود تھے۔اے ڈی جی ہیڈ کوارٹر جتیندر کمار نے کہا ہے کہ چوری کی اطلاع ملنے پر تھانہ انچارج اشونی کمار ملزمان کی گرفتاری کے لئے گئے تھے ۔ اس دوران مغربی بنگال کے گوپانتا پاڑہ نامی گاؤں پہنچے تھے ، جہاں دیہی باشندگان کے ساتھ مل کر ملزموں نے ان پر حملہ کردیا۔ جس کے بعد تھانہ انچارج اشونی کمار نے اپنی ٹیم کے تمام پولیس اہلکاروں کو بحفاظت باہر نکال لیا، مقتول تھانہ انچارج الزامات کی رفع کے تحت لوگوں کو سمجھارہے تھے،
اس دوران بھیڑ کی طرف سے مار پیٹ کی گئی ، جس وہ وہ جانبر نہ ہوسکے اور ان کی موت ہوگئی ۔ انہوں نے کہا کہ اس معاملہ میں 3 افراد کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔ اس معاملہ کے تحت بہار کے ڈی جی پی ایس کے سنگھل نے مغربی بنگال کے ڈی جی پی سے بات کی ہے، انہوں نے فوری کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔
اے ڈی جی نے کہا کہ محکمہ پولیس کو شہید تھانہ انچارج کی بہادری پر فخر ہے، ان کی شہادت رائیگاں نہیں جائے گی۔ مجرموں کو سزا دلانے میں بنگال پولیس کی پوری مدد کریں گے۔ماب لنچنگ کے واقعے کے بعد پورنیہ کے آئی جی سریش پرساد اور کشن گنج کے آشیش ایس پی کمار بنگال کے اسلام پور پہنچے اور پوسٹ مارٹم کے بعد اشونی کمار کی لاش کشن گنج بھیج دی ۔
پولیس نے اِس کیس میں مرکزی ملزم سمیت تین کو گرفتار کرلیا ہے۔واضح ہوکہ اشونی کمار ضلع پورنیہ کے جانکی نگر پولیس اسٹیشن کے آزاد چوک واقع پنجو ٹولہ کے رہائشی تھے ۔ ایک سال قبل ان کا تبادلہ کشن گنج ٹاؤن تھانہ کردیا گیا تھا۔



