سرورققومی خبریں

بنگال میں ’دیدی کا کھیل ‘ کامیاب،بی جے پی کاکوئی داوکام نہ آیا  کیرالہ میں ایل ڈی ایف اور آسام میں بی جے پی کی واپسی تمل ناڈومیں اقتدارکی تبدیلی،پڈوچیری میں این ڈی اے کی سبقت

نئی دہلی:(اردودنیا.اِن)پانچ ریاستوں میں اسمبلی انتخابات کی گنتی ہوئی ۔ٹی ایم سی نے مغربی بنگال میں 215کا ہندسہ عبورکرلیا ہے جب کہ پوری طاقت جھونک دینے والی اوردوسوسیٹوں کادعویٰ کرنے والی بی جے پی سترکے قریب ہے۔مغربی بنگال میں بی جے پی نے مرکزی وزراء تک کوالیکشن لڑنے کے لیے اتاردیاتھا۔وزیراعظم،وزیرداخلہ سمیت مرکزی وزراء،متعددریاستوں کے وزرائے اعلیٰ اورسنیئرلیڈران دن رات ایک کیے ہوئے تھے لیکن ممتابنرجی کے آگے کسی کی ایک نہ چلی۔
بی جے پی نے دوسوسیٹ کادعویٰ کیاتھاجب کہ وہ صرف سترکے آس پاس تک پہونچ رہی ہے۔ مغربی بنگال اسمبلی انتخابات میں حکمراں ترنمول کانگریس کاواضح اکثریت کے ساتھ دوبارہ اقتدار حاصل کرناطے ہے جبکہ آسام میں بی جے پی کے زیرقیادت قومی جمہوری اتحاد اور تمل ناڈومیں اپوزیشن کے ڈی ایم کے کے زیرقیادت اتحادمکمل اکثریت کے ساتھ سرکاربنائے گا۔کیرل میں حکمراں لیفٹ پارٹی کی ہی واپسی ہوئی ہے۔
پڈوچیری میں این ڈی اے کی سرکاربنے گی۔اس درمیان ممتابنرجی پرکنفیوژ ن پھیلاہواہے۔کبھی ان کی فتح اورکبھی ان کی شکست کی اطلاع آرہی ہے۔جب کہ الیکشن کمیشن کی ویب سائٹ پرخبرلکھے جانے تک ان کوآگے دکھایاگیاہے۔اس سے الیکشن کمیشن پرکئی طرح کے سوال کھڑے ہورہے ہیں اوربہارالیکشن کے نتائج کاحوالہ دیاجارہاہے۔
اتوارکے روزچارریاستوں اور ایک مرکزی علاقے میں ووٹوں کی گنتی ہوئی ہے جب ملک میں کورونا وائرس کے انفیکشن کے سنگین بحران کاسامنا ہے۔تمل ناڈومیں ڈی ایم کے کے زیرقیادت اتحاد سرکاربنائے گا۔حکمراں بی جے پی کے زیرقیادت این ڈی اے نے آسام میں برتری حاصل کرلی ہے۔الیکشن کمیشن کی ویب سائٹ پر بہت تاخیرسے نتائج آرہے ہیں۔
جس پرکئی طرح کے سوال بھی کھڑے ہورہے ہیں۔وزیراعلیٰ سربانند سونووال نے اعتماد کا اظہار کیا ہے کہ بی جے پی کی زیرقیادت اتحاد ریاست میں دوبارہ اقتدار میں آئے گا۔آسام میں اسمبلی کی 126 نشستیں ہیں اور اکثریت کو 64 نشستوں کی ضرورت ہے۔بیشتر ایگزٹ پول میں مغربی بنگال میں ترنمول کانگریس اور بی جے پی کے مابین سخت لڑائی کی پیش گوئی کی گئی تھی۔ دوسری طرف آسام میں این ڈی اے کی فتح اور کیرل میں بائیں بازو کے محاذ کے اقتدار میں رہنے کی پیش گوئی کی گئی ہے۔
تمل ناڈو میں ، ڈی ایم کے اور کانگریس کی سربراہی میں اتحاد کی کامیابی ہوئی ہے۔کانگریس کے لیے خوشخبری صرف تمل ناڈو سے ہے جہاں ڈی ایم کے زیر قیادت اتحاد کی فتح ہوئی ہے ۔بہوجن سماج پارٹی کی صدر اور اتر پردیش کی سابق وزیراعلیٰ مایاوتی،وزیراعظم نریندرمودی،راہل گاندھی،اکھلیش یادو،سنجے راوت،اودھوٹھاکرے،تیجسوی یادو نے ممتا بنرجی اور مغربی بنگال میں اسمبلی انتخابات میں ترنمول کانگریس (ٹی ایم سی) کی فتح پرمبارکباد دی ہے۔ بھارتیہ جنتا پارٹی کی آسام میں واپسی ہوئی ہے۔

متعلقہ خبریں

Back to top button