بنگال میں لاک ڈاؤن: ای ایم یو لوکل ٹرینیں بند، مال گاڑی اوراسپیشل ٹرینیں رہیں گی چالو
کولکاتہ:(اردودنیا.اِن/ایجنسیاں)ملک میں کورونا وائرس کا خطرہ بڑھتا جارہا ہے۔ ہر روز کورونا وائرس کا انفیکشن لاکھوں لوگوں کو اپنی لپیٹ میں لے رہا ہے۔ اسی کے ساتھ ہی کرونا انفیکشن کا سلسلہ توڑنے کے لئے بہت سی ریاستوں میں لاک ڈاؤن نافذ کردیا گیا ہے۔ ادھر مغربی بنگال نے بھی لاک ڈاؤن لگادیا ہے۔ نیز ریاست میں ای یم یو ٹرین سروس پر بھی پابندی عائد کردی گئی ہے۔
ایسٹرن ریلوے نے کہا ہے کہ مغربی بنگال میں تمام مقامی، مضافاتی اور ای ایم یو ٹرین خدمات اگلے احکامات تک معطل رہیں گی۔ ساتھ ہی دیگر خصوصی ٹرینوں، میل ، ایکسپریس خصوصی ٹرینوں، پارسل ٹرینوں اور مال بردار ٹرینوں کی خدمات اگلے احکامات تک مقررہ وقت کے مطابق جاری رہیں گی۔
بتادیں کہ مغربی بنگال میں 16 مئی سے پورا لاک ڈاؤن نافذ کردیا گیا ہے۔ بنگال میں ضروری خدمات کے علاوہ سب کچھ بند ہے۔ گروسری اور سبزیوں کی دکانیں صبح 7 بجے سے صبح 10 بجے تک (صرف 3 گھنٹے) کھلیں گی، جبکہ بینک صبح دس بجے سے دوپہر دو بجے تک کھلے رہیں گے۔ ہر قسم کی سماجی، تعلیمی، سیاسی، مذہبی تقاریب پر پابندی ہوگی۔ فیکٹریاں بھی بند رہیں گی۔



