
بنگال میں وزیربھی آتے ہیں تو انہیں کورونا منفی رپورٹ دکھانی ہوگی وزیراعلیٰ ممتا بنرجی نے وزیراعظم مودی پربھی سادھانشانہ
کولکاتہ:(اردودنیا.اِن/ایجنسیاں)وزیراعلی ممتابنرجی نے مغربی بنگال میں انتخابی نتائج کے بعد ہوئے تشدد پر شدت سے بی جے پی پرجم کر نشانہ سادھا۔ انہوں نے کہا کہ مرکزی وزراء مغربی بنگال میں تشدد کو ہوا دے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ لوگ بنگال آرہے ہیں اور کورونا پھیلا رہے ہیں۔ ممتا نے تشدد کے بعد صورتحال کو دیکھنے پہنچی مرکزی ٹیم کولے کر کہاکہ کورونا وباکے بڑھنے کے وقت ٹیم یہاں آئی ، چائے پی کر گئی۔
اب اگر وزیربھی یہاں خصوصی پرواز سے آتے ہیں تو پھر انہیں آر ٹی پی سی آر کی منفی رپورٹ لانی ہوگی، قوانین سب کے لئے یکساں ہیں۔ کورونا یہاں بڑھ رہا ہے کیونکہ بی جے پی لیڈران مستقل یہاں آ رہے ہیں۔انہوں نے مفت کورونا ویکسین پر وزیر اعظم مودی کو نشانہ بنایا۔ انہوں نے کہاکہ میں نے جوخط لکھاتھا، اس کا جواب ابھی تک نہیں ملا، وہ ویکسین کیلئے 30 ہزار کروڑ کیوں مختص نہیں کررہے ہیں، جبکہ نئی پارلیمنٹ اور مجسموں پر 20 ہزار کروڑ روپئے خرچ کئے جارہے ہیں۔ممتا بنرجی نے مزید کہاکہ وزیر اعظم کیئر فنڈ کہاں ہے؟ وہ (وزیر اعظم مودی) نوجوانوں کی زندگیوں کو کیوں خطرے میں ڈال رہے ہیں؟ ان کے لیڈران کو چاہئے کہ وہ یہاں اور وہاں جانے کے بجائے کرونا کے اسپتالوں میں جائیں۔
ان کے لیڈران یہاں آرہے ہیں اور کووڈ پھیلا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مغربی بنگال حکومت کوچ بہار میں آتشزدگی کے نتیجے میں ہلاک ہونے والے پانچ افراد کے اہل خانہ کو ہوم گارڈز کی ملازمت فراہم کرے گی۔



