
بنگال میں پھر تشدد، بی جے پی-ٹی ایم سی کارکنان کے مابین تصادم میں ایک شخص کی موت، 6 زخمی
کولکاتہ:(اردودنیا.اِن/ایجنسیاں)مغربی بنگال میں انتخابی نتائج کے بعد تشدد بند نہیں ہوا ہے۔ ویربھوم ضلع میں ترنمول کانگریس اور بی جے پی کارکنان کے درمیان جھڑپ میں ایک شخص ہلاک اور 6 دیگر زخمی ہوگئے۔ ایک پولیس عہدیدار نے بتایا کہ یہ واقعہ دبراج پور اسمبلی حلقہ کے ماتحت گاؤں مکتی نگر میں اس وقت پیش آیا جب مبینہ بی جے پی کارکنان کے ایک گروپ نے جمعہ کی رات گاؤں کے لوگوں کے گھروں میں داخل ہونے کی کوشش کی۔
اس عہدیدار نے بتایاکہ قریب موجود ترنمول کانگریس کے ارکان انہیں بچانے آئے اور ان کی بی جے پی کارکنان سے جھڑپ ہوگئی، جس میں ایک شخص ہلاک اور چھ دیگر زخمی ہوگئے، زخمیوں کا سوری کے اسپتال میں علاج چل رہا ہے۔بنگال میں اسمبلی انتخابات کے نتائج کے بعد بڑے پیمانے پر تشدد ہوا ہے۔
وزیر اعلی ممتا بنرجی نے کہا تھا کہ ریاست کے مختلف حصوں میں ہونے والے تشدد میں مختلف جماعتوں کے 16 افراد ہلاک ہوئے ہیں۔ ریاست میں انتخابات کے بعد تشدد کی وجوہات پر غور کرنے والی مرکزی وزارت داخلہ کی چار رکنی ٹیم نے راج بھون میں گورنر دھنکھر سے بھی ملاقات کی۔



