
پٹنہ: (اردودنیا.اِن)بہار کے نائب وزیر اعلیٰ اور وزیر خزانہ تار کشور پرساد نے مالی سال 2021-22 کے لئے 2 لاکھ 18 ہزار 303 کروڑ روپئے کا بجٹ پیش کیا ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ اس مالی سال میں بہار حکومت کی کل آمدنی 2 لاکھ 18 ہزار 502 کروڑ ہوگی۔
مالی خسارہ 3 فیصد رہنے کا امکان ہے۔ ریاست کی معاشی سرگرمیاں کرونا سے متاثر ہوئی ہیں، اس نے اپنا اثر بھی دکھایا۔ پچھلے سال کے مقابلے میں اس بارصرف بہار کے بجٹ میں 3.03 فیصد ہی اضافہ ہوا ہے۔
بہار بجٹ کے خصوصی نکات :
ہر 8-10 پنچایتوں میں جانوروں کے لئے ایک اسپتال بنایا جائے گا۔ انہیں ٹیلی میڈیسن بھی مہیا کی جائے گی۔’ دیسی گوونش‘کے لئے خصوصی ’انسٹی ٹیوٹ‘کا انتظام کیا جائے گا۔ اس کے لئے 500 کروڑ کا بجٹ بھی دیا گیا ہے۔ ہارٹ ہول کے مریضوں کو مفت میں علاج فراہم کیا جائے گا۔
اس اسکیم کے لئے 300 کروڑ کی فراہمی کی گئی ہے۔ کاشتکاروں کی آمدنی کو دوگنا کرنے کے لئے آبپاشی کے خاطر خواہ انتظامات کئے گئے ہیں۔ ہر کھیت میں پانی کی دستیابی یقینی بنائی جائے گی۔ہر گاؤں میں ’’سولار لائٹ‘‘ لگائے جائیں گے۔
تمام گاؤں میں سولر اسٹریٹ لائٹ کے لئے 150 کروڑ کا بجٹ منظور کیا گیا ہے۔ زراعت کے لئے 550 کروڑ کی فراہمی ہے۔ خواتین کو ’آتم نربھر ‘ بنانے کے لئے 200 کروڑ کی فراہمی ہے۔ پانی کی نکاسی کے لئے 150 کروڑ کی فراہمی ہے۔ وہیں20 لاکھ سے زیادہ روزگار کے مواقع پیدا کئے جا ئیں گے۔ 5 اضلاع میں فارمیسی کالج کھولے جائیں گے۔ ریاست میں ایک اور نئے انجینئرنگ کالج کا قیام عمل میں آئے گا ۔
ہر ضلع میں میگا سکل سیٹربناکر نوجوانوں کے روزگار کے مواقع پیدا کئے جائیں گے ۔ بہار میں ماہی پروری میں اضافہ ہوگا تاکہ بہار کی مچھلی دوسری ریاستوں میں بھی جائیں۔خیال رہے کہ تار کشور پرساد نے آج نتیش کمار حکومت کا اپنا پہلا اور سولہویں بجٹ پیش کیا۔ انہوں نے لگ بھگ 55 منٹ طویل بجٹ تقریر کی ۔
اس سے قبل آج بجٹ اجلاس شروع ہوتے ہی اسمبلی کے دونوں ایوانوں میں حزب اختلاف نے مختلف امور پر ہنگامہ آرائی کی ۔ ہنگامہ کے درمیان ، اسمبلی کی کارروائی دوپہر 2 بجے تک ملتوی کردی گئی۔
قائد حزب اختلاف تیجسوی یادو پٹرول اور ڈیزل کی بڑھتی قیمتوں کے خلاف احتجاج میں اسمبلی کے پاس پہنچے ، لیکن ٹریکٹر کو اندر جانے کی اجازت نہیں دی گئی، اس کے بعد کچھ فاصلہ طے کرنے کے بعد تیجسوی یادو اپنی گاڑی میں ایوان کے احاطے پہنچے۔
بہاراسمبلی میں بجٹ اجلاس کے دوران اپوزیشن کا ہنگامہ
آج بہاراسمبلی میں بجٹ اجلاس ہنگامہ خیز رہا۔ ریاست کے نائب وزیراعلی اور وزیر مالیات تارکیشور پرساد نے بجٹ پیش کیا۔ جیسے ہی اسمبلی میں کارروائی شروع ہوئی ، اپوزیشن کے ارکان نے ہنگامہ آرائی شروع کردی۔ قائد حزب اختلاف تیجسوی یادو نے میٹرک کے امتحان میں پیپر لیک ہونے کے علاوہ مہنگائی ، بے روزگاری پر بھی سوالات اٹھائے۔ اس دوران ، بائیں بازو کی جماعتوں کے اراکین اسمبلی نے ویل کے قریب آکر ہنگامہ شروع کردیا۔



