بیدرمیں جمعیت ٹیلرنگ سنٹر کی دوسری برانچ کا افتتاح
مفتی غلام یزدانی اشاعتی کا خطاب
محنت سے کام کرنے والا اللہ کا حبیب ہوتا ہے،محنت کش کی اسلام میں بڑی اہمیت ہے ایک صحابی ؓ جنکے ہاتھوں کومحنت کرنے سے گٹھے پڑگئے تھے اللہ کے رسول ﷺنے انکے ہاتھوں کو دیکھ کر بوسہ دیا، مفتی غلام یزدانی اشاعتی صدر جمعیت علماء بیدر نے جمعیت ٹیلرنگ سنٹرکی نئی برانچ کے افتتاحی جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے ان خیالات کا اظہارکیا،مفتی صاحب نے مزید فرمایا کہ جمعیت ٹیلرنگ سنٹر سے اب تک تقریباََ 300 لڑکیاں فارغ ہوچکی ہیں،آج کے جلسہ میں25 لڑکیوں کو سند سے نوازاجائے گا،
خواتین باپردہ رہکر ہر کام کر سکتی ہیں اسلام کام سے نہیں روکتا ہے بلکہ بے پردگی اور بے حیائی سے روکتا ہے، آج کے دور میں ہرخاتون کو ہنرمند ہونا چاہئے،ہنر کبھی بھی ضائع نہیں ہوتا ہے زندگی کے کسی نہ کسی موڑ پر کام آتا ہے،جناب عزیز خان چیرمین روحی گروپ(برادررحیم خان ایم ایل اے) نے اپنے خطاب میں جمعیت علماء بیدر کے کار ہائے نمایاں کو سرہاتے ہوئے دلی مسرت کا اظہار کیا ،اورکہا کہ بیدرمیں بہت ساری تنظیمیں کام کر رہی ہیں مفتی غلام یزدانی اشاعتی کی سر پرستی میں جمعیت علماء بیدرکی کارکردگی دیکھ کر بڑی خوشی ہوتی ہے ،
اس موقع پر انہوں نے اپنے برادرجناب رحیم خان ایم ایل اے کا پیغام سامعین کو سنایا اور ہر موڑ پر جمعیت کا ساتھ دینے کا تیقن دیا، محمدجیلانی صاحب سرگرم سماجی کارکن نے شہر میں مزید ٹیلرنگ سنٹر قائم کرنے کا مشورہ دیااور اسکے لئے ہر ممکنہ تعاون کی پیش کش کی ،مولانا محمدادریس اشاعتی امام وخطیب جامع مسجد چدری کی تلاوت سے جلسہ کاآغاز ہوا،حافظ عبدالحکیم صاحب سکریٹری نے نعت شریف کا نذرانہ پیش کیا،
حافظ محمدعمر قریشی خازن وانچارج جمعیت ٹیلرنگ سنٹراورحافظ محمدرضوان نے جلسہ کے بہترین انتظامات فرمائے ،جلسہ میںخواتین کی کثیر تعداد موجود تھی اس موقع پر پرنٹ والکٹرانک میڈیا کے نمائندہ بھی موجود تھے،اسٹیج پرمولانا فریدحسامی سکریٹری ،حافظ عبدالحکیم صاحب سکریٹری،جناب سید علی احمد صاحب بھالکی رکن،مسجد بلال میلورکے صدر صاحب بھی موجود تھے،مولانا محمدشجاع الدین قاسمی ہمناآباد نائب صدر کی دعا پر جلسہ اختتام پزیر ہوا۔





