
ممبئی:28/ڈسمبر(اردودنیانیوز)۔ بیوی کے نام انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی ) کے ذریعے سمن دیئے جانے سے آگ بگولا ہوئے شیوسینا ترجمان سنجے راوت نے مرکزی حکومت کو وارننگ دیتے ہوئے کہا کہ وہ اس طرح کی چیزوں سے ڈرنے والے نہیں ہیں ۔ سنجے راوت نے پیر کو دوپہر میں پریس کانفرنس کر کے مودی حکومت پر حملہ بولا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ان کی بیوی ورشا راوت کے نام سیاسی مخالفت کی وجہ سے سمن بھیجا گیا ہے ۔ ای ڈی مرکزی حکومت کے اشارے پر کام کررہی ہے ۔ سنجے راوت نے کہا کہ ہم قانون کی پیروی کریں گے ۔ سنجے راوت نے کہا کہ ’’مجھ سے پنگا مت لینا میں ننگا آدمی ہوں ‘‘ اور شیوسینک ہوں ۔ میرے پاس بی جے پی کی فائل ہے اگر اسے نکالا تو آپ کو ملک سے چھوڑکر بھاگنا پڑے گا ۔ انہوں نے کہا کہ میرے پاس ۱۲۱؍لوگوں کے نام ہیں اور ان ناموں کو جلد ہی ای ڈی کو دوں گا ۔انہوں نے کہا کہ اتنے نام ہیں کہ پانچ سال ای ڈی کو کام کرنا پڑے گا تب ای ڈی کو پتہ چلے گا کہ کس سے پنگہ لیا ہے ۔
معلوم ہو کہ نتن راوت کی بیوی سے قبل انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ نے بی جے پی کے سینئر لیڈر (اب این سی پی میں )ایکناتھ کھڑسے کو پونے زمین معاملے میں سمن بھیجا تھااور انہیں ای ڈی آفس میں حاضر رہنے کا حکم دیا تھا جبکہ اس سے پہلے بھی ای ڈی کے ساتھ ساتھ دیگر محکموں میں زمین خریدی معاملہ میں ان کی تفتیش ہو چکی ہے اور جب انہیں پھر سے ای ڈی کا سمن ملا تو وہ خود اس بات کو سمجھ نہیں پا رہے ہیں کہ جس معاملے کو لیکر انہیں مہاراشٹر کی کابینہ سے استعفی دینا پڑا تھا اور جب ساری تحقیقات ہو چکی ہے اور کہیں کوئی خرد برد نظر نہیں آیا تو ای ڈی پھر سے انہیں جانچ کیلئے کیوں بلا رہی ہے ۔وہیں دوسری جانب پی ایم سی بنک گھوٹالے معاملے میں ای ڈی نے اب شیوسینا رکن پارلیمنٹ سنجے راوت کی بیوی ورشا راؤت کو بھی سمن بھیجا ہےجس کی وجہ سے سیاسی ہلچل تیز ہو گئی اور سنجے راوت نے اپنی ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ قانون کی پاسداری کریں گے اور حکم کے مطابق ای ڈی کے افسران کے سامنے ان کی بیوی وقت مقررہ پر پیش ہوں گی کیونکہ انہیں پتہ ہے کہ ان کی بیوی کی جانب سے کوئی بھی غلط کام نہیں کیا گیا ہے۔ جبکہ ای ڈی کی جانب سے ورشا راؤت کو تیسری مرتبہ نوٹس بھیجا گیا ہے جبکہ اس سے قبل ۲؍ نوٹس مسز راوت نے صحت خراب ہونا بتا کر اسے نظر انداز کردیا تھا۔ای ڈی کے ذریعے ورشاراوت پر پی ایم سی بینک گھوٹالا معاملہ کے ایک ملزم کی بیوی سے لین دین کا الزام عائد کیا گیا ہے۔اس تعلق سے انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ کے ایک افسر نے بتایا کہ سنجےراؤت کی بیوی کو پریوینشن آف منی لانڈرنگ ایکٹ (پی ایم ایل اے) ایکٹ کے تحت تفتیش کیلئے نوٹس جاری کیا گیا ہے۔وہیں نوٹس ملنے کے بعد سنجے راؤت نے ایک ٹوئیٹ میں لکھا کہ ” آ دیکھیں ذرا کس میں کتنا ہے دم، جم کے رکھنا قدم میرے ساتھیا۔
ای ڈی نے اس سے پہلے ۳؍ اکتوبر۲۰۱۹؍ میں ایچ ڈی آئی ایل کےڈائریکٹر راکیش کمار وادھوان، ان کے بیٹے سارنگ وادھوان،پی ایم سی بینک کے سابق مینجنگ ڈائریکٹر جوئے تھومس اور سابق چیئرپرسن وریم سنگھ کے خلاف اینٹی منی لانڈرنگ ایکٹ کے تحت تفتیش کا آغاز کیا تھا۔



