
کولکاتہ :(اردودنیا.اِن)مغربی بنگال کی وزیراعلیٰ ممتا بنرجی کے خلاف الیکشن کمیشن کے نوٹس پر ترنمول کانگریس (ٹی ایم سی) نے تنقید کی ہے۔ بدھ کے روزسی ایم ممتا بنرجی نے بھی جوابی حملہ کیاہے۔ ایک ریلی کے دوران انہوں نے کہاہے کہ اگرچہ میرے خلاف 10 شوکازنوٹسز جاری کیے جائیں ، لیکن میں اپیل کروں گی کہ ووٹوں کو تقسیم نہیں ہونے دیں۔ سب کو یکجہتی کے ساتھ ووٹ ڈالنے دیں۔
ممتا نے سوال کیاہے کہ نندیگرام میں مسلمانوں کو پاکستانی کہنے والوں کے خلاف کتنی شکایات درج کی گئیں؟ یوگی اوربی جے پی لیڈران مسلسل اشتعال انگیزبیانات دیتے رہے ہیں۔ان پرالیکشن کمیشن نے کیاکارروائی کی ۔اب مودی کے ایک بیان کے بعدالیکشن کمیشن حرکت میں آگیاہے ۔ممتابنرجی نے ایک انتخابی جلسے میں مسلم کمیونٹی سے اپیل کی ہے کہ ان کے ووٹ تقسیم نہ ہوں اور لوگوں نے ٹی ایم سی کے حق میں متفقہ طور پر ووٹ دیا۔ اس پر الیکشن کمیشن نے انہیں نوٹس بھجوایا اور 48 گھنٹوں میں جواب طلب کرلیا۔
ممتابنرجی نے کمیشن کے اس نوٹس پر جوابی حملہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر میرے خلاف 10 شوکاز نوٹسز جاری کردیئے جائیں تو بھی اس سے کوئی فرق نہیں پڑتا ہے۔ میں یہ کہہ رہی ہوں کہ ووٹ کی تقسیم نہیں کی جانی چاہئے اور لوگوں کو اتحاد میں ٹی ایم سی کے حق میں ووٹ دینا چاہیے۔



