تلنگانہ کی خبریں

تلنگانہ میں لاک ڈاؤن نہیں ہوگا، عوام خوفزدہ نہ ہوں،اسمبلی میں وزیر اعلیٰ کے سی آر کا بیان

سابق میں دنیا میں کئی بیماریاں پھیل چکی ہیں لیکن یہ بیماریاں محدود علاقوں اور محدود مدت تک رہیںماسک اور سماجی فاصلہ برقرار رکھنے عوام سے اپیل، اسکولس عارضی طور پر بند، 

تلنگانہ:(اردودنیا.اِن) چیف منسٹر کے چندر شیکھر راو نے اعلان کیا کہ تلنگانہ میں کوئی لاک ڈاؤن نافذ نہیں کیا جائے گا اور حکومت اس سلسلہ میں جلد بازی میں کوئی فیصلہ نہیں کرے گی۔ تلنگانہ اسمبلی میں تصرف بل پر مباحث کا جواب دیتے ہوئے چیف منسٹر نے کہا کہ لاک ڈاون کے بارے میں عوام کو پریشانی اور الجھن کا شکار ہونے کی ضرورت نہیں ہے ۔ حکومت اس طرح کا کوئی فیصلہ نہیں کرے گی، تاہم عوام کو چاہئے کہ وہ کورونا وباء سے بچنے کیلئے تمام تر احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔ چیف منسٹر نے کہا کہ پہلے ہی تلنگانہ کو لاک ڈاؤن سے کافی نقصان ہوچکا ہے ۔

حکومت کیسس میں اضافہ کے پس منظر میں لاک ڈاؤن یا پھر صنعتی اداروں کو دوبارہ بند کرنا نہیں چاہتی ۔ انہوں نے کہا کہ سیلف ڈسپلن اور سیلف کنٹرول ریاست میں کورونا پر قابو پانے کا واحد حل ہے۔ عوام کو ماسک کا استعمال اور سماجی دوری کو برقرار رکھتے ہوئے سینیٹائزیشن کا عمل اختیارکرنا چاہئے ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے معصوم بچوں کو کورونا سے بچانے کیلئے اسکولوں کو بند کرنے کا فیصلہ کیا ۔ کے سی آر نے کہا کہ حکومت نے انتہائی دکھ کے ساتھ اسکولوں کو احتیاطی طورپر بند کیا گیا اور یہ مستقل نہیں بلکہ عارضی طور پر بند کئے گئے ہیں۔

حکومت دوسرے شعبہ جات پر مزید پابندیوں کا کوئی منصوبہ نہیں رکھتی ۔ چیف منسٹر نے کہا کہ کورونا سے ساری دنیا متاثر ہوئی ہے اور قومی سطح پر معاشی ترقی پر اثر پڑا۔ تلنگانہ میں بھی کورونا کا معیشت پر منفی اثر پڑا ہے ۔ باوجود اس کے کہ کورونا سے نمٹنے میں دیگر ریاستوں کے مقابلہ تلنگانہ میں بہتر مظاہرہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کورونا پر قابو پانے کے علاوہ معاشی ترقی میں بھی تلنگانہ مظاہرہ بہتر رہا۔ چیف منسٹر نے بتایا کہ تلنگانہ میں ابھی تک 10 لاکھ 85 ہزار افراد کو ویکسین دیا گیا ہے۔ وزیراعظم نر یندر مودی اور مرکز کے دیگر عہدیدار ریاستی حکومت سے ربط میں ہیں۔

دیگر ریاستوں کی طرح تلنگانہ کو بھی ویکسین کا الاٹ کردہ کوٹہ جاری کیا جارہا ہے۔ مرکز سے ویکسین کی حصولی کے اعتبار سے تلنگانہ میں ساری آبادی کو ٹیکہ اندازی یقینی بنائی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے کیسس میں اضافہ کو دیکھتے ہوئے ٹسٹوں کی تعداد میں اضافہ کردیا ہے ۔ روزانہ تقریباً 60 تا 70 ہزار ٹسٹ کئے جارہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اسکولوں کو عارضی طورپر بند کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے اور صنعتوں کو بند کرنے کی کوئی تجویز نہیں ہے۔ انہوں نے عوام کو مشورہ دیا کہ وہ تقاریب کے موقع پر تعداد کو کم رکھیں اور ماسک کے استعمال کو لازمی کرلیں ۔

انہوں نے تقاریب کے علاوہ جلوسوں کے اہتمام سے گریز کا مشورہ دیا ۔ چیف منسٹر نے کہا کہ فلم انڈسٹری سے وابستہ افراد کو تھیٹرس اور شوٹنگ کے دوبارہ بند کئے جانے کا اندیشہ لاحق ہے۔ انہوں نے وضاحت کی کہ ومرکز کی اجازت سے سینما تھیٹرس اور فلم شوٹنگ کا آغاز کیا گیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ سابق میں دنیا میں کئی بیماریاں پھیل چکی ہیں لیکن یہ بیماریاں محدود علاقوں اور محدود مدت تک رہیں لیکن کورونا گزشتہ ایک سال سے ساری دنیا پر اثر انداز ہورہا ہے ۔

متعلقہ خبریں

Back to top button