تلنگانہ کی خبریں

تلنگانہ ۔ مہاراشٹرا بس خدمات پر فوری روک لگانے کی ہدایت

ٹی ایس آر ٹی سی سے بسوں کی بحالی ، مسافروں اور عملہ کیلئے خطرناک ، تلنگانہ ہائی کورٹ کا سخت موقف

تلنگانہ:(اردودنیا.اِن)تلنگانہ روڈ ٹرانسپورٹ کارپوریشن کی جانب سے مہاراشٹرا کے لئے بس سروس کے بحال کئے جانے کے فیصلہ کو مختلف گوشوں سے تنقید کا نشانہ بنایا جانے لگا ہے کیونکہ ریاست مہاراشٹر ا میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد میں ہونے والے اضافہ کے متعلق تفصیلی آگہی کے باوجود ٹی ایس آرٹی سی کی جانب سے مہاراشٹرا کے مختلف شہروں کے لئے بس خدمات جاری رکھنے کے فیصلہ نے ڈرائیورس کے علاوہ کنڈکٹرس اور دیگر عملہ میں تشویش پیدا کردی ہے

کیونکہ مہاراشٹرا کے کئی شہروں میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد ہزاروں میں پہنچ چکی ہے اور حکومت مہاراشٹرا کی جانب سے ریاست بھر میں رات کے کرفیو کے نفاذ کے علاوہ کئی ایک سخت گیر اقدامات کا اعلان کیا ہے لیکن اس کے باوجود تلنگانہ روڈ ٹرانسپورٹ کارپوریشن نے مہاراشٹرا کے لئے بس خدمات کو جاری رکھنے کا فیصلہ کرتے ہوئے اپنے عملہ کی زندگیوں کو خطرہ میں ڈال دیا ہے۔

بتایا جاتا ہے کہ ریاست تلنگانہ میں حکومت کی جانب سے دی گئی منظوری کے بعد تلنگانہ ریاستی روڈ ٹرانسپورٹ کارپوریشن نے مہاراشٹرا کے لئے خدمات کو بحال کیا ہے حکومت مہاراشٹرا نے ریاست میںکورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد میں ہونے والے اضافہ کے باعث کئے جانے والے رات کے کرفیو کے باوجود ذرائع حمل و نقل پر کسی قسم کی کوئی پابندی عائد نہیں کی گئی ہے۔

ٹی ایس آر ٹی سی کے ملازمین نے بتایا کہ اب جبکہ تلنگانہ ہائی کورٹ نے ریاست کی سرحد میں داخل ہونے والے تمام افراد کے کورونا وائرس معائنہ کے لزوم کے بعد خدمات کو جاری رکھنا مناسب نہیں ہے اسی لئے عہدیداروں سے خواہش کی جا رہی ہے کہ وہ مہاراشٹرا کے لئے شروع کی جانے والی خدمات پر فوری روک لگانے کے اقدامات کریں تاکہ عملہ اور مسافرین دونوں کو ہی محفوظ رکھا جاسکے۔عہدیداروں نے بتایا کہ ہائی کورٹ کے فیصلہ کے بعد حکومت کی جانب سے موصول ہونے والی ہدایات کے مطابق فیصلہ کیا جائے گا۔

متعلقہ خبریں

Back to top button