
چنئی:(اردودنیا.اِن/ایجنسیاں)تامل ناڈو اسمبلی انتخابات میں ڈی ایم کے اور کانگریس اتحاد کو اکثریت مل جانے کے بعد ایم کے اسٹالن نے آج کابینہ کے 34 وزراء کی فہرست جاری کردی۔ کل بروز جمعہ ایم کے اسٹالن ریاست کے وزیر اعلی کے عہدے کا حلف لیں گے۔ گورنر بنواری لال پروہت نے بدھ کے روز ایم کے اسٹالن کو حکومت بنانے کی دعوت دی۔ حلف برداری 7 مئی کو صبح 9 بجے راج بھون کمپلیکس میں ہوگی۔ایم کے اسٹالن کچھ اہم وزارتیں اپنے پاس رکھیں گے، جن میں عوامی، عمومی انتظامیہ، ہندوستانی انتظامی خدمات، ہندوستانی پولیس خدمات اور محکمہ داخلہ شامل ہیں۔
اس کے علاوہ دورامورگان کو آبی وسائل وزیر، کے این نہرو کو بلدیہ انتظامیہ ، کے پونمودی کو وزیر تعلیم، ای وی ویلو کو محکمہ برائے تعمیرات، ایم آر کے پنیرسلیوم کو وزارت زراعت اور کسانوں کی بہبود کی ذمہ داری دی گئی ہے۔ایم اے سبرامنیم کو وزارت صحت، میڈیکل ایجوکیشن اور فیملی ویلفیئر دیا گیا ہے۔ جاری کردہ فہرست کے مطابق ایس آر راج کنپن کو وزیر ٹرانسپورٹ، کے رام چندرن کو وزیر جنگلات، آر ساکرپانی کو وزیر خوراک، ایس ایس ریگپتی کو وزیر قانون بنایا گیا ہے۔ ایم کے اسٹالن کے ذریعہ جاری کردہ اس فہرست میں 34 کابینہ کے وزرا کے نام اور قلمدان دئے گئے ہیں۔
سابقہ ڈی ایم کے حکومت (2006-11)میں اسٹالن نائب وزیر اعلی تھے اور ان کے والد ایم کروناندھی وزیر اعلی تھے۔ اس طرح اسٹالن پہلی بار ریاست کے وزیر اعلی کے عہدے کا حلف لیں گے۔ ڈی ایم کے نے اسمبلی انتخابات میں 133 نشستوں پر کامیابی حاصل کی اور کانگریس سمیت اس کے دیگر اتحادیوں نے 234 رکنی اسمبلی میں کل 159 نشستوں پر کامیابی حاصل کی ہے۔ اے آئی ڈی ایم کے نے 66 نشستوں پر کامیابی حاصل کی ہے جبکہ اس کی اتحادی بی جے پی اور پی ایم کے نے بالترتیب چار اور پانچ نشستوں پر کامیابی حاصل کی ہے۔



