
احمدآباد : (اردودنیا.اِن)سیریز کا تیسرا ٹیسٹ میچ 24 فروری سے احمد آباد کے موتیرا اسٹیڈیم میں ہندوستان اور انگلینڈ کے درمیان کھیلا جائے گا۔ موتیرا کے اس نئے تاریخی اسٹیڈیم کے ساتھ ساتھ یہ میچ ہندوستانی فاسٹ بولر ایشانت شرما کے لئے بھی خاص ہے۔ ایشانت اپنے ٹیسٹ کیریئر کا 100 واں ٹیسٹ میچ کھیں گے ۔ ہندوستانی آل راؤنڈر کپل دیو کے بعد ایشانت دوسرے فاسٹ بولر ہوں گے ،ایشانت نے انگلینڈ کے خلاف موجودہ سیریز میں ٹیسٹ کرکٹ میں اپنی 300 وکٹیں بھی پوری کیں۔
کپل دیو کے بعد 100 ٹیسٹ کھیلنے والے دوسرے پیسر
32 سالہ ایشانت نے اپنے ٹیسٹ کیریئر کا آغاز بنگلہ دیش کے خلاف 2007 میں راہل دراوڈ کی کپتانی میں کیا تھا۔ اب تک کھیلے گئے 99 ٹیسٹ میچوں میں وہ 302 وکٹیں اپنے نام کرچکے ہیں۔ 74 رنز پر 7 وکٹ ان کی عمدہ کارکردگی ہے۔ ایشانت ٹیسٹ میچ کی اننگز میں 11 مرتبہ 5 وکٹیں لے چکے ہیں۔
اہم بات یہ ہے کہ ایشانت نے اب تک صرف ایک پنک بال ٹیسٹ میچ کھیلا ہے۔ بنگلہ دیش کے خلاف کولکاتہ کے ایڈن گارڈن میں کھیلے گئے اس میچ میں ایشانت نے عمدہ بولنگ کی اور نو وکٹ اپنے نام کیے ۔ اس پنک بال ٹیسٹ میچ کی پہلی اننگز میں 22 رن دے کر 5 اور دوسری اننگز میں 56 رن دے کر 4 وکٹ حاصل کی۔
اگر ایشانت موتیرا میں کھیلے جانے والے تیسرے ٹیسٹ میچ میں ہندوستانی ٹیم میں شامل ہوتے ہیں تو وہ 100 واں ٹیسٹ میچ کھیلنے والے 12 ویں ہندوستانی کھلاڑی بن جائیں گے ۔
ہندوستان سے اب تک سچن تندولکر (200) ، راہل دراوڈ (163) ، وی وی ایس لکشمن (134) ، انیل کمبلے (132) ، کپل دیو (131) ، سنیل گواسکر (125) ، دلیپ وینگسکر (116) ، سورو گنگولی ( 113) ، وریندر سہواگ (103) اور ہربھجن سنگھ (103) نے 100 یا اس سے زیادہ ٹیسٹ کھیلے ہیں۔



