بین الاقوامی خبریں

جب پائلٹ زیر تعمیر ایئر پورٹ پر غلطی سے لینڈ کر گیا

لندن: (ایجنسیاں)زامبیا میں حکومت کے ایک سینئر اہلکار نے پانچ اپریل پیر کے روز بتایا کہ ایتھوپین ایئر لائنز کا ایک طیارہ غلطی سے زامبیا میں ایک ایسے ایئر پورٹ پر لینڈ ہوا جو ابھی زیر تعمیر ہے۔ایتھوپین ایئر لائنز کا ایک کارگو طیارہ غلطی سے اتوار کے روز شمالی زامبیا کے اس ایئر پورٹ پر اترا جو ابھی زیر تعمیر ہے اور مکمل طور پر تیار بھی نہیں ہے۔

ابھی اس زیر تعمیر ایئر پورٹ کی جگہ اس سے تقریبا ً15 کلومیٹر کے فاصلے پر قائم پرانے سائمن مؤنسا کپویپیو نامی ایئر پورٹ کا استعمال کیا جا تا ہے تاہم پائلٹ وہاں پہنچنے کے بجائے زیر تعمیر ایئر پورٹ پر پہنچ گیا۔وزارت نقل و حمل کے ایک سینیئر سکریٹری مشیک لونگو نے خبر رساں ادارے اے ایف پی کو بتایا کہ جب پائلٹ،لینڈنگ کے بالکل قریب تھا تو اس نے ایئر ٹریفک کنٹرول سے رابطہ شروع کیا اور انہوں نے اس سے کہاکہ ہم تو آپ کو دیکھ نہیں پا رہے ہیں۔

لیکن چونکہ اس پر اب پائلٹ کا کنٹرول نہیں تھا اس لیے پائلٹ نے اپنی نظروں کا استعمال کرتے ہوئے اسی ایئر پورٹ پر اپنا طیارہ لینڈ کر دیا جو ابھی زیر تعمیر ہے۔ان کا مزید کہنا تھا کہ اس واقعے میں کوئی نقصان نہیں ہوا اور تفتیش کار اس کی مکمل تفتیش کرنے کے بعد اپنی جامع تفتیشی رپورٹ پیش کریں گے۔ ایتھوپین ایئر لائنز نے گرچہ اپنے ٹویٹر اکاؤنٹ پر اس واقعے کا ذکر نہیں کیا ہے تاہم اس نے اس واقعے کی تصدیق کی ہے۔

اس کا کہنا ہے کہ زامبیا کے حکام کے مدد کے ساتھ اس کی تفتیش کے احکامات پہلے ہی جاری کیے جا چکے ہیں۔زامبیا افریقہ کا تانبہ پیدا کرنے والا دوسرا سب سے بڑا ملک ہے جہاں معدنیات کا بیشتر حصہ اسی شمالی کاپر بیلٹ علاقے میں پایا جا تا ہے۔ اس کاپر بیلٹ علاقے میں چین نے جو نیا ایئر پورٹ تیار کیا ہے اس کا افتتاح گزشتہ برس کے وسط میں ہی ہونا تھا لیکن کورونا وائرس کی وبا کی وجہ سے اس میں تاخیر ہوئی اور ابھی تک کام چل رہا ہے۔

اس ایئر پورٹ کو تقریباً چار ارب ڈالر کی رقم سے تیار کیا گیا ہے اور پوری طرح سے مکمل ہونے کے بعد اسے وسیع تر نقل و حمل کے لیے استعمال کی جا سکتا ہے۔ یہ ایئر پورٹ تمام طرح کی جدید ٹیکنالوجی، ساز و سامان اور وسیع تر رن وے سے لیس ہے۔

متعلقہ خبریں

Back to top button