
برلن: (ایجنسیاں)جرمن حکومت نے بذریعہ ہوائی جہاز جرمنی پہنچنے والے تمام مسافروں کے لیے کورونا ٹیسٹ کی منفی رپورٹ پیش کرنے کو لازمی قرار دے دیا ہے۔ اب تک صرف ریڈ زون سے آنے والے مسافروں کو جرمنی میں ٹیسٹ کی منفی رپورٹ پیش کرنا پڑتی تھی۔کورونا کی تیسری لہر کے خطرات سے دوچار وسطی یورپی ملک جرمنی نے یہاں آنے والے تمام مسافروں کے لیے بلا تخصیص کورونا ٹیسٹ لازمی قرار دے دیا ہے۔
ان ضوابط پر آئندہ اتوار یعنی 28 مارچ سے ہی عملدرآمد شروع ہو جائے گا۔اب تک کورونا وبا سے بہت زیادہ متاثرہ علاقوں اور کورونا بحران کا گڑھ سمجھے جانے والے ‘ریڈ زون‘ سے سفر کر کے جرمنی آنے والے مسافروں کو کووڈ انیس منفی ٹیسٹ رپورٹ پیش کرنا پڑتی تھی۔ تاہم اب ہر شخص جو بذریعہ ہوائی جہاز جرمنی پہنچے گا اْسے کورونا ٹیسٹ کی منفی رپورٹ پیش کرنا ہو گی ۔کورونا ٹیسٹ کو جرمنی آنے والے مسافروں کے لیے ایک ایسے وقت میں لازمی قرار دیا گیا ہے، جب جرمنی کو کورونا وبا کی تیسری لہر کا سامنا ہے۔
برلن میں جرمن وزارت صحت نے اس بارے میں جمعرات کو ایک اعلان میں کہا کہ کورونا لازمی ٹیسٹ کے احکامات پر آئندہ اتوار اور پیر کی درمیانی شب سے عملدرآمد شروع ہو جائے گا۔مسافروں کو روانگی سے قبل کووڈ ٹیسٹ کروانا ہو گا، اس سے قطع نظر کہ ان کے اپنے اصل ملک میں کورونا وائرس کے خطرات کس سطح پر ہیں۔ایئر لائنز کو صرف ایسے مسافروں کو سوار ہونے کی اجازت دینا ہو گی جو منفی کوویڈ ٹیسٹ کے ثبوت کے ساتھ جہاز پر سوار ہو رہے ہوں۔
مسافروں کو کورونا ٹیسٹ کی فیس خود ادا کرنا ہو گی۔ پی سی آر ٹیسٹ اور منظور شدہ ‘تیز رفتار ٹیسٹ‘ کی رپورٹ کو تسلیم کیا جائے گا۔ ایئر لائنز کے عملے کو ٹیسٹ کی چھوٹ دی گئی ہے۔اگر کسی شخص کی کورونا ٹیسٹ کی رپورٹ مثبت ہوئی تو اْسے اپنی قیمت پر مقامی قوانین کے مطابق قرنطینہ کرنا ہو گا۔
کورونا ٹیسٹ کی رپورٹ پیش کرنے سے متعلق مسافروں پر لاگو ضوابط کے مئی کے وسط تک لاگو رہنے کی توقع کی جا رہی ہے۔پرانے قوائد و ضوابط کے تحت کورونا وبا سے بہت زیادہ متاثرہ اور بہت زیادہ خطرات سے دوچار علاقوں سے آنے والے مسافروں کو ٹیسٹ کی منفی رپورٹ پیش کرنا پڑتی تھی۔ اب یہ ہر کسی پر یہاں تک کہ تعطیلاتی جزیرے مایورکا جسے اب بہت کم کورونا کیسز والے علاقے میں شامل کیا جانے لگا ہے، وہاں سے آنے والوں کو بھی کورونا ٹیسٹ کی منفی رپورٹ پیش کرنا ہوگی۔



