بین الاقوامی خبریں

جرمنی: ملک بدر افغان شہریوں کی فلائٹ منسوخ

برلن:(اردودنیا.اِن)برلن کا کہنا ہے کہ ملک بدری کے لیے کابل جانے والی فلائٹ کو لوجیسٹکل وجوہات کے سبب موخر کیا گیا ہے جبکہ انسانی حقوق کے گروپ مہاجرین کی ملک بدری کو مکمل طور پر روکنے کا مطالبہ کرتے رہے ہیں۔برلن میں سینئر حکام نے تین مئی پیر کو بتایا کہ جرمن حکومت نے تارکین وطن کو افغانستان واپس بھیجنے کے مقصد سے اس مجوزہ پرواز کو منسوخ کر دیا ہے جسے منگل چار مئی کو روانہ ہونا تھا۔

وزیر داخلہ ہورسٹ زیہوفر کی ایک ترجمان کا کہنا تھا کہ ملک بدری کے ان اقدامات کو لوجیسٹیکل مسائل کی وجہ سے ملتوی کر دیا گیا ہے۔تارکین وطن کی فلاح و بہود کے لیے سرگرم تنظیموں کا دیرینہ مطالبہ رہا ہے کہ افغان مہاجرین کو ملک بدر کرنے والی مستقبل کی ایسی تمام پروازوں کو منسوخ کر دیا جائے۔

ان کا کہنا ہے کہ سن 2001 میں امریکا اور اس کے نیٹو اتحادی کی جانب سے افغانستان پر حملے کے بعد سے وہاں کی سکیورٹی کی صورت حال بہت خراب ہے اس لیے افغان شہریوں کو ملک بدر نہ کیا جائے۔خبر رساں ادارے اے ایف پی نے سینئر جرمن حکام کے حوالے سے بتایا ہے کہ وفاقی حکومت ان پولیس حکام اور سکیورٹی دستوں کی سلامتی کے لیے کافی تشویش میں مبتلا ہے جو ان مہاجرین کو ممکنہ طور پر افغانستان لے کر جائیں گے۔

اطلاعات کے مطابق کابل میں یکم سے چھ مئی کے درمیان اضافی سکیورٹی کی ضرورت ہے اور اسی وجہ سے منگل کو جانے والی پرواز کو منسوخ کرنا پڑا ہے۔ حکام نے جرمن خبر رساں ادارے ڈی پی اے کو بتایا کہ جرمنی تارکین وطن کی ملک بدری سے متعلق اپنی پالیسی کو ختم نہیں کرے گا۔

متعلقہ خبریں

Back to top button