سپریم کورٹ نے کل تک سماعت ملتوی کردی
نئی دہلی: (اردودنیا.اِن)سپریم کورٹ نے جموں سے حراست میں لیے گئے168 روہنگیا افراد کی رہائی کے مطالبے پر سماعت کل کے لئے ملتوی کردی ہے۔ وکیل پرشانت بھوشن کے توسط سے دائر درخواست میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ ہولڈنگ سینٹر میں رکھے ہوئے ان افراد کو ہندوستان سے واپس نہیں بھیجا جائے۔
نیز ہندوستان میں بسنے والے تمام روہنگیاؤں کو مہاجر کا درجہ دیا جانا چاہئے۔ درخواست میں کہا گیا ہے کہ اس بات کا کوئی ثبوت نہیں ہے کہ روہنگیا لوگ ہندوستان کی سلامتی کے لیے خطرہ ہیں۔ جموں پولیس نے کہا ہے کہ ان لوگوں کے پاس ہندوستان میں آنے اور رہنے کے لئے درست دستاویزات نہیں ہیں۔ لہٰذا انہیں غیر ملکی ایکٹ اور پاسپورٹ ایکٹ کی دفعات کے تحت حراست میں لیا گیا ہے۔ فی الحال سبھی کو کٹھوعہ ضلع میں ہیرا نگر سب جیل میں رکھا گیا ہے۔
پولیس کے مطابق ان افراد کو میانمار سفارتخانے سے تصدیق کے بعد واپس بھیج دیا جائے گا۔محمد سلیم اللہ سمیت دیگر روہنگیا لوگوں کے لئے پیش ہونے والے وکیل پرشانت بھوشن نے آج سپریم کورٹ سے بین الاقوامی عدالت کے حکم کو ریکارڈ پر رکھنے کی اجازت طلب کی۔ انہوں نے کہا کہ یہ حکم اسی طرح کے معاملے سے متعلق ہے۔ عدالت اسے دیکھے۔ عدالت نے اس کی اجازت دی۔ لیکن آج وقت کی کمی کی وجہ سے سماعت کل تک ملتوی کردی گئی۔



