جنگاؤں (محمد عابد فیصل قریشی)ضلع جنگاؤں کے بچنا پیٹ منڈل کے ناگی ریڈی پلی گاؤں کے متوطن محمد شیخ مدھار گزشتہ 45 برسوں سے اسی گاؤں میں مقیم ہیں۔ انہوں نے کم عمری میں ہی پتھر توڑنے کا سخت مشقت والا پیشہ اختیار کیا اور برسوں تک محنت مزدوری کر کے اپنے اہلِ خانہ کی کفالت کرتے رہے۔
محمد شیخ مدھار کی اہلیہ محبوب بی، تین بیٹیاں لال بی (16 سال)، شبانہ بی (11 سال)، ایک بیٹا اسین (13 سال) اور ان کے ضعیف والدین عرصہ دراز سے انہی کے سہارے زندگی بسر کر رہے تھے۔
لیکن گزشتہ تین برسوں سے محمد شیخ مدھار گردوں کے شدید مرض میں مبتلا ہیں۔ ان کے دونوں گردے ناکارہ ہو چکے ہیں اور اب حالت یہاں تک پہنچ چکی ہے کہ ان کے دونوں پیر بھی مفلوج ہو گئے ہیں۔ وہ مکمل طور پر پلنگ تک محدود ہو چکے ہیں اور زندگی ان کے لیے بے حد مشکل بن گئی ہے۔
اہلیہ محبوب بی کے مطابق ڈاکٹروں نے انہیں ڈائیلاسز کروانے کا مشورہ دیا ہے، جس پر تقریباً تین لاکھ روپے کا خرچ آئے گا۔ ڈاکٹروں کا کہنا ہے کہ علاج کے بعد ان کی حالت میں بہتری آ سکتی ہے، مگر غربت کے باعث یہ علاج ممکن نہیں ہو پا رہا۔
گھر کی تمام ذمہ داریاں اب محبوب بی کے کندھوں پر آ گئی ہیں۔ وہ اپنے تین بچوں، ساس اور سسر کے ساتھ گھر کی کفالت کے لیے مزدوری کرنے پر مجبور ہیں، مگر جو معمولی آمدنی حاصل ہوتی ہے وہ صرف پیٹ بھرنے کے لیے بھی ناکافی ثابت ہو رہی ہے۔
اہلِ خانہ کے پاس اپنا کوئی مکان نہیں اور نہ ہی علاج کے لیے کوئی مالی وسائل موجود ہیں۔ محمد شیخ مدھار کا خاندان اس وقت شدید مالی بحران سے دوچار ہے اور ان کا کوئی پرسانِ حال نہیں۔
متاثرہ خاندان حکومت سے امداد کا منتظر ہے اور ساتھ ہی اہلِ خیر حضرات اور رحم دل افراد سے بھی اپیل کرتا ہے کہ وہ آگے بڑھ کر اس مجبور خاندان کی مدد کریں۔
اگر کوئی حضرات ان کی مالی یا طبی امداد کرنا چاہیں تو درج ذیل نمبروں پر رابطہ کر سکتے ہیں:
📞 9177192483
📞 7671943806



