
قبرستان میں کفن اور شمشان میں لکڑی کے ہوں گے انتظامات
رانچی:(اردودنیا.اِن/ایجنسیاں) جھارکھنڈ میں کرونا سے ہونی والی موت کے آخری رسومات کے اخراجات حکومت برداشت کرے گی۔ اہل خانہ کو اب آخری رسومات کی ادائیگی کی فکر سے نجات مل گئی ہے، حکومت بنظر ا نصاف شمشان اور قبرستان دونوں جگہ کفن اور لکڑی کے انتظام کرنے کا اعلان کیا ہے ۔پیر کو اس کا اعلان سی ایم ہیمنت سورین نے کیا ہے، انہوں نے کہا کہ جیسے جیسے مسائل کی نشاندہی ہوگی،
حکومت اس سلسلے میں اقدامات کرے گی ۔ حکومت ویکسی نیشن پروگرام میں تیز ی لانے کے لئے مستقل اقدامات کرتی رہی ہے، اگر کوئی کمپنی ریاست میں ویکسین پلانٹ لگانے پر راضی ہے ،تو حکومت اس کی مدد کرے گی۔ پیر کے روز انہوں نے ٹاٹا کی جانب سے ڈی اے وی اسکول ، گھاٹو ٹانڑ، مانڈو (رام گڑھ) میں80 آکسیجن بیڈپر مشتمل کوویڈ اسپتال کا افتتاح کیا۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ ریاستی حکومت ایسے لوگوں کے لئے پہل کررہی ہے جو کورونا انفیکشن کی وجہ سے اپنی جان گنوابیٹھے۔
متاثرہ افراد کے لواحقین کو مالی امداد فراہم کئے جانے کا ’تصور‘ ہے۔ کورونا سے فوت شدگان کے اہل خانہ کے پاس آخری رسومات کی ادائیگی کے لئے روپے نہ ہونے کی صورت میں لکڑی اور دیگر اشیاء کی فراہمی سرکار مفت کرے گی ۔اس کے علاوہ مختلف اضلاع میں 5 لاکھ کوویڈ کٹس تقسیم کرنے کا منصوبہ بھی ہے، اس کے لئے ضلع انتظامیہ کو ہدایت دے دی گئی ہے۔



