قومی خبریں

حزب اختلاف نے راجیہ سبھا میں انشورنس بل کی مخالفت کی ، کارروائی ملتوی

ایوان میں ہنگامہ آرائی

نئی دہلی: (اردودنیا.اِن)راجیہ سبھا میں کانگریس کے زیرقیادت اپوزیشن اراکین نے جمعرات کو انشورنس (ترمیمی) بل کی مخالفت کرتے ہوئے ہنگامہ کیا۔ بار بار ملتوی ہونے کی وجہ سے ایوان کا اجلاس ملتوی کردیاگیا۔بل کی مخالفت کرتے ہوئے حزب اختلاف کے رہنماملکاارجن کھڑگے نے کہاہے کہ حکومت انشورنس سیکٹر میں براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری (ایف ڈی آئی) کو 49 فیصد تک بڑھا چکی ہے اور اب اس بل کے ذریعے یہ حد 74 فیصد کردی جا رہی ہے۔

انہوں نے مطالبہ کیاہے کہ بل کو متعلقہ قائمہ کمیٹی کے پاس بھیج دیا جائے۔ڈی ایم کے کے ٹی سیوا نے بھی مطالبہ کیاہے کہ اسے قائمہ کمیٹی کو بھیجا جائے۔کانگریس کے رکن شکتی گوہل نے بل پر بحث پر اعتراض کرتے ہوئے کہاہے کہ ممبران کو اس کے لیے خاطر خواہ وقت نہیں ملاہے۔

لیکن ڈپٹی اسپیکر ہریونش نے ان کے اعتراض کو مسترد کرتے ہوئے کہاہے کہ یہ بل 15 مارچ کو ایوان میں ہی پیش کیاگیا تھا اور ممبروں کو وقت مل گیا ہے۔بی جے پی کے رکن بھوپندر یادو نے اپوزیشن کے مطالبے کی مخالفت کی اور کہاہے کہ اس پر قائمہ کمیٹی سمیت مختلف کمیٹیوں میں پہلے ہی غورکیاجا چکا ہے۔

ہنگامے کے دوران وزیر خزانہ نرملا سیتارامن نے انشورنس (ترمیمی) بل کو بحث کے لیے پیش کیا۔ اس دوران کچھ اراکین بل کی مخالفت کرنے کے لیے قریب آئے۔ ایوان میں ہنگامہ آرائی کے پیش نظر ڈپٹی چیئرمین ہریونش نے اجلاس تقریباََ2 بج کر30 منٹ پر ملتوی کردیا۔ایک بار کے ملتوی ہونے کے بعد ، اجلاس شروع ہوتے ہی کارروائی تین بجے تک ملتوی کردی گئی ۔

متعلقہ خبریں

Back to top button