حیدرآبادی خاتون نے ہندوستان اور سری لنکا کے درمیان پاک اسٹریٹ کو تیراکی کے ذریعہ عبور کیا

تلنگانہ:(اردودنیا.اِن)تیراک جی شیاملاپہلی تلگوخاتون بن گئی ہے جس نے ہندوستان اور سری لنکا کے درمیان پاک اسٹریٹ کو تیراکی کے ذریعہ عبور کیا۔اس نے اس اسٹریٹ کو 13گھنٹے اور 43منٹ میں عبور کیا۔وہ جمعہ کی صبح 4.15بجے سری لنکا کے ساحل سے روانہ ہوئی اور شام 5.58بجے رامیشورم کے دھنش کوٹہ پہنچی۔
حیدرآبادکی رہنے والی شیاملاکی تربیت آیوش یادو نے کی تھی۔ابتدا میں سینئر آئی پی ایس عہدیدارراجیو تریویدی نے اس کی رہنمائی کی تھی۔سال 2012میں راجیو تریویدی نے 12گھنٹے 30منٹ میں پاک اسٹریٹ کو تیراکی کے ذریعہ عبور کیا۔شیاملادنیا کی دوسری خاتون ہے جس نے پالک اسٹریٹ کو تیراکی کے ذریعہ عبور کیا جبکہ وہ دنیا کی 13ویں تیراک بن گئی ہیں جس نے اس کارنامہ کی تکمیل کی۔شیاملا کا تعلق اے پی کے مشرقی گوداوری ضلع کے سامرلہ کوٹہ سے ہے ۔ان کے والد ویٹ لفٹر تھے تاہم وہ اپنے بچوں کو کھیل کود کی سرگرمیوں سے دور رکھاکرتے تھے ۔
شیاملا کی بہن نے آئی اے ایس بننے کا فیصلہ کیا۔شیاملا جس کی دلچسپی تعلیم میں نہیں تھی نے اینی میٹر بننے کا فیصلہ کیا۔اس نے بچوں کے چینل کے لئے اینی میٹیڈ سیریز تیار کی۔شیاملا نے بعد ازاں 44برس کی عمر میں تیراکی سیکھنے کا فیصلہ کیا اور اس نے اس شعبہ میں کئی میڈلس بھی حاصل کئے ۔
شیاملا نے شہر حیدرآباد کے گچی باولی میں اسپورٹس اتھاریٹی آف تلنگانہ کے سوئمنگ پول میں تربیت حاصل کی۔سری لنکا جانے سے پہلے انہوں نے کہا کہ ان کے دن کی شروعات تین بجے صبح ہوتی ہے ۔وہ اپنے خاندان کے لئے پکوان کرنے کے بعد تقریبا17کیلومیٹر سفر کرتے ہوئے گچی باولی سوئمنگ پول جاتی ہے جہاں وہ تقریبا تین گھنٹے تیراکی کی مشق حاصل کرتی ہے ۔



