تلنگانہ کی خبریں

حیدرآباد کے شمس آباد ایرپورٹ کی دیوار پھاند کر تیندو ا احاطہ میں داخل ہوگیا

حیدرآباد : شہر حیدرآباد کے شمس آباد ایرپورٹ کی دیوار پھاند کر کل شب ایک تیندوا ایرپورٹ کے احاطہ میں داخل ہوگیا تاہم کچھ دیر بعد یہ تیندوا وہاں سے چلاگیا۔ایرپورٹ سے متصل جنگل کا علاقہ ہے جہاں سے یہ جنگلی جانور ایرپورٹ کے احاطہ میں داخل ہوا۔ایرپورٹ کے سی سی ٹی وی کیمرے میں اس کی فوٹیج قید ہوگئی جس میں اس کوتاروں سے لگی ایرپورٹ کی دیوار پھاندتا ہوا دکھایاگیا ہے ۔دیوار پھاندنے سے پہلے یہ تیندواشمس آباد اور تُکوگوڑہ کے درمیان سڑک پر نظر آیا۔یہ دیوار ایرپورٹ کی رن وے کمپاونڈ وال ہے ۔

سمجھاجاتا ہے کہ یہ تیندوا ایرپورٹ سے نکل کر دوسرے علاقہ میں چلاگیا۔اس سلسلہ میں ایک مقامی شخص نے پولیس اور محکمہ جنگلات کے عہدیداروں کو اطلاع دی جس کے بعد چوکسی اختیار کی گئی۔محکمہ جنگلات کے عہدیدار وہاں پہنچے جنہوں نے اُ س مقام کا معائنہ کیا جہاں یہ تیندوا نظر آیا تھا۔یہ ویڈیو سوشیل میڈیا کے مختلف پلیٹ فارمس پر تیزی سے وائرل ہوگیا۔

ایرپورٹ کے اطراف کے علاقوں بہادرگوڑہ،پداگولکنڈہ میں اس کی موجودگی کی اطلاع ہے جس کے ساتھ ہی مقامی افراد میں سنسنی پھیل گئی۔مقامی افراد نے اس خصوص میں پولیس کو اطلاع دی۔ایرپورٹ کے اطراف کے علاقوں میں جنگل کے ساتھ ساتھ کھیت بھی ہیں۔ان کھیتوں کے تحفظ کے لئے صبح کی اولین ساعتوں میں کسان اپنے کھیت آتے ہیں جن میں خوف و دہشت کا ماحول ہے ۔ان کسانوں نے مطالبہ کیا کہ فوری طورپر اس جنگلی جانور کو پکڑا جائے ۔

متعلقہ خبریں

Back to top button