
لکھنؤ:24 دسمبر (ایجنسیاں ) لکھنؤ امین آباد علاقے میں اقلیتی امور وزارت حکومت ہند کے ذریعہ اقلیتی خواتین میں قیادت و رھنمائی کی ترقی کے مقصد سے چلائی جارہی نئی روشنی اسکیم کے تحت نیشنل انٹی گریشن اینڈ ایجوکیشنل سوسائٹی کے توسط سے منعقد تیسرے چھ روزہ ورکشاپ میں ۲۵ ؍اقلیتی خواتین نے تربیت حاصل کی جس میں سبھی تربیت حاصل کرنے والی خواتین نے اپنے اپنے خیالات کا اظہار کیا انھوں نے کہا کہ اس سے پہلے وہ سبھی نئی روشنی میں بتائی گئی سرکاری اسکیموں سے ناواقف تھیں اس ورکشاپ سے میں شریک ہوکر انھیں بہت فائدہ حاصل کرنے کا موقع ملا ہے اس ورکشاپ میں اقلیتی خواتین کے ذریعہ تیار کی گئی فن دستکاری کی اشیاء کی بھی نمائش لگائی گئی۔ جس سے خواتین کو اپنا ہنر دکھانے کا موقع فراہم ہوا۔نیشنل انٹی گریشن اینڈ ایجوکیشنل سوسائٹی کے خازن نظر مہدی نے اقلیتی خواتین کی حوصلہ افزائی کے لیے انھیں نئی روشنی کی جانب سے اسناد کے ساتھ چہ سو روپئے کا وظیفہ بھی تقسیم کیا ۔ اس پروگرام میں شریک ریڈینس انسٹی ٹیوٹ آف کمپیوٹر ایپلی کیشن کی پروجیکٹ کوآرڈی نیٹر آفرین رحمان اور آفرین فاطمہ نے خواتین کے قانونی حقوق، سفافیت، خود اعمادی، بیداری جیسے موضوعات پر خواتین سے تبادلۂ خیال کیا اور ان کے مسائل کا حل نکالا۔ اس کے علاوہ خواتین کو حکومت ہند کے ذریعہ چلائی جارہی اسکیموں سے واقف کرایا۔پروگرام کا اختتام اقلیتی خواتین کو نئی روشنی کی طرف سے اسناد تقسیم کرنے کے ساتھ ہوا۔



