دعوت دین ہر مسلمان کی ذمہ داری ہے. ملت اسلامیہ میں خیرامت اور داعی الی اللہ ہونے کا شعور پیدا کرنا وارثین انبیاء ائمہ وعلماء کرام کی اولین داری ہے.مولانا کلیم صدیقی
اورنگ آباد : الحمد لللہ، اللہ رب العزت کی مدد ونصرت سے آج بروز سنیچر صبح 11 بجے مسجد عائشہ، یونس کالونی میں علماء وائمہ کرام کی خصوصی نشست منعقد ہوئی. جس میں عالم اسلام کے مشھور ومعروف داعی اسلام حضرت مولانا محمد کلیم صدیقی صاحب دامت برکاتہم ودیگر علماء کرام کے خطاب ہوئے. جماعت اسلامی ہند حلقہ مہاراشٹر کی دعوتی مہم ‘من الظلمات الی النور’ کے ضمن میں مجلس العلماء تحریک اسلامی اورنگ آباد کی جانب سے یہ نشست منعقد ہوئی جس میں کم وبیش 300 علماء وائمہ کرام نے شرکت کی.
حافظ عبدالرزاق صاحب (سکریٹری مجلس العلماء اورنگ آباد جنوب) کی قرات قرآن پاک سے نشست کا آغاز ہوا. جبکہ حافظ شہباز راشد کی حمد ونعت کے بعد حافظ اقبال انصاری صاحب (رکن مجلس العلماء) نے افتتاحی کلمات بیان فرمائے. دعوتی مہم ‘من الظلمات الی النور’ کا تعارف، غرض وغایت مولانا عبدالقوی فلاحی صاحب (سابق جنرل سکریٹری مجلس العلماء مہاراشٹر) نے تفصیلات پیش کرتے ہوئے کہا کہ دعوت دین ہر اک مسلمان کی ذمہ داری ہے
لھذا جماعت اسلامی کی اس دعوتی مہم میں ہر اک مسلمان سے تعاون کی درخواست ہے. پھر داعی اسلام حضرت مولانا محمد کلیم صدیقی صاحب دامت برکاتہم کا تفصیلی خطاب ہوا. حضرت مولانا نے دعوت دین کے تمام تر پہلوؤں پر خطاب فرماتے ہوئے ائمہ، علماء وحفاظ کرام کی ذمہ داریوں پر روشنی ڈالی. حالات حاضرہ میں دعوت دین کے لئے میسر سازگار حالات پر مشتمل حقائق وواقعات کو بیان فرمایا. انسانیت اندھیروں میں بھٹک رہی ہے اور روشنی صرف مسلمانوں کے پاس ہے.
لھذا ہر مسلمان کے لئے دعوت دین کا فریضہ ادا کرنا لازمی ہے. مولانا کے خطاب کے بعد حاضرین کو سوالات کا موقع دیا گیا، جس کے جوابات مولانا محترم نے دیئے. مجلس العلماء تحریک اسلامی مہاراشٹر کا تعارف مولانا اختر الإسلام ندوی صاحب (ناظم مجلس العلماء، اورنگ آباد (وسط) نے پیش کیا. آخر میں کلمات تشکر انجنئیر عبدالواجد قادری صاحب (ناظم شھر، جماعت اسلامی ہند شھر اورنگ آباد) نے پیش کرتے ہوئے تمام حاضرین کا شکریہ ادا کیا نیز دعوتی مہم کے تعلق سے اعلان جمعہ اور خطبہ جمعہ میں علماء وائمہ کرام کے تعاون کے لئے تمام کا شکریہ ادا کیا.
حضرت مولانا کلیم صدیقی صاحب کی دعا پر نشست کا اختتام عمل میں آیا. نظامت کے فرائض حافظ جاوید احمد خان صاحب (رکن مجلس العلماء) نے بحسن وخوبی انجام دیئے.پروگرام کو کامیاب بنانے کے لئے مولانا عبدالماجد ندوی، مولانا صابر نظامی، مولانا عبدالغفار ندوی، مولانا نظام الدین ملی نے تعاون کیا ۔اللہ رب العزت قبول فرمائے اور ہمیں دعوت دین کی ذمہ داریاں ادا کرنے کی توفیق عطا فرمائے. آمین یا رب العالمین






