
کلکتہ :(اردودنیا.اِن/ایجنسیاں)ناردا اسٹنگ آپریشن معاملے میں سی بی آئی کے ذریعہ اچانک ریاستی وزرا سبرتو مکھرجی ،فرہاد حکیم ، ممبرا سمبلی مدن مترااور سابق ریاستی وزیر شوبھن چٹرجی کی گرفتاری کئے جانے کے بعد وزیرا علیٰ ممتا بنرجی اچانک سی بی آئی کے دفتر نظام پلس کے 14ویں منزل پر پہنچ گئیں اور سی بی آئی کے ڈی آئی جی اکھلیش کمار سنگھ سے ملاقات کرکے گرفتاری پر احتجاج کرتے ہوئے سوال کیا کہ پیشگی اطلاع دئیے بغیر سی بی آئی گرفتار کیسے کرسکتی ہے۔
اس کے بعد سے ہی ممتا بنرجی سی بی آئی کے دفتر میں موجود ہیں ۔اب سی بی آئی کے افسران نے وزیرا علیٰ ممتا بنرجی کی موجودگی اور دفتر کے باہر ترنمول کانگریس کے ورکروں کے احتجاج سے متعلق دہلی کے اعلیٰ حکام کو اطلاع دیدی ہے۔اس کے علاوہ محکمہ قانون سے بھی رائے طلب کی گئی ہے ۔وزیرا علیٰ ممتا بنرجی آج صبح 11 بجے اچانک نظام پلس پہنچ کر سی بی آئی کے دفتر میں گئیں اور سی بی آئی کے ڈی آئی جی اکھلیش کمار سنگھ سے ملاقات کی ۔
اس کے بعد سے وزیر اعلیٰ سی بی آئی کے وزیٹر روم میں موجود ہے ۔ممتا بنرجی کی آمد کے بعد ترنمول کانگریس کے کئی سینئر لیڈران اور ممبران اسمبلی وہاں پہنچ گئے ہیں ۔نظام پلس کے باہر بڑی تعداد میں ترنمول کانگریس کےورکر احتجاج کررہے ہیں ۔کچھ ورکروں نے سی بی آئی کے دفتر کے احاطے میں موجود مرکزی فورسیس کے جوانوں پر پتھر بازی بھی کی ہے مگر بعد میں حالات قابو میں آگئے ہیں ۔ترنمول کے لیڈر اور وکیل انندیا راوت نے میڈیا کو بتایا کہ وزیر اعلی نے سی بی آئی افسران سے کہا کہ انہیں بھی بھی گرفتار کیا جائے۔
ذرائع کے مطابق سی بی آئی کے مشرقی ڈی آئی جی نے دہلی میں اعلی افسران کو بریف کیا ہے کہ وزیر اعلی نے سی بی آئی کے دفتر میں کس طرح سے پیش آئیں ہیں اور سی بی آئی کے دفتر میں داخل ہونے کے بعد سے انہوں نے کیا مطالبہ کیا ہے۔ کلکتہ میں سی بی آئی کے دفتر کے عہدیداروں نے ایجنسی کے قانونی سیل کو ای-میل کیا ہے جس سے یہ مشورہ لیا گیا ہے کہ آیا کوئی وزیر اعلی سی بی آئی آفس آکر اس طرح سے احتجاج کرسکتی ہے یا نہیں ۔
ممتا بنرجی سی بی آئی کے دفتر میں موجود رہ کر پارٹی لیڈروں کو یہ پیغام دینے کی کوشش کررہی ہیں کہ وہ پارٹی لیڈروں اورورکروں کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑی ہیں ۔مرکزی ایجنسی کی گرفتاری پر سوالیہ نشان لگاتے ہوئے کہا ہے کہ یہ بدلے کی کارروائی ہے ۔2019میں کلکتہ پولس کمشنر راجیو کمار کو گرفتار کرنے کی کوششوں کے خلاف ممتا بنرجی نے اسی طریقے سے جارحانہ رویہ اختیار کیا تھااور وزیراعلیٰ راجیو کمار کے گھر پہنچ گئی تھیں ۔



