
نئی دہلی: (اردودنیا.اِن)دنیا کے 30 سب سے آلودہ شہروں میں سے 22 ہندوستان میں ہیں۔ اتناہی نہیں دہلی دنیا کے سب سے زیادہ آلودہ راجدھانی شہروں میںسرفہرست ہے۔سوئس تنظیم ’آئی کیو ایئر‘ کے ذریعہ تیارکردہ اور ’ورلڈ ایئر کوالٹی رپورٹ2020‘ میں یہ بات کہی گئی ہے۔تاہم اس رپورٹ میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ دہلی کی ہوا کے معیار میں 2019 کے مقابلہ میں 2020 میں بہتری آئی ہے لیکن بہتری کے باوجود دہلی دنیا کے سب سے آلودہ شہروں میں 10 ویں نمبر پر ہے
لیکن دارالحکومت شہروں کی بات کریں تو دہلی دنیا کا سب سے آلودہ شہر ہے۔رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ہندوستان دنیا کے سب سے آلودہ شہروں کی فہرست میں نمایاں ہے اور دنیا کے 30 سب سے آلودہ شہروں میں سے 22 ہندوستان کے ہیں۔
دہلی کے علاوہ یہاں 21 دیگر شہر اترپردیش، غازی آباد، بلندشہر، بسرخ جلالپور، نوئیڈا، گریٹر نوئیڈا، کانپور، لکھنؤ، میرٹھ، آگرہ اور مظفر نگر، راجستھان میں بھیواڑی۔ہریانہ میں فریدہ آباد، جند، حصار، فتح آباد، بندھواڑی، گروگرام، یمونانگر، روہتک اور دھاروہیڑا اوربہارمیں مظفر پور۔اس رپورٹ کے مطابق دنیا کا سب سے آلودہ شہرچین کا سنکیانگ ہے۔ اس کے بعد ٹاپ 10 شہروں میں سے نو ہندوستان سے ہیں۔
غازی آباد دنیا کے سب سے آلودہ شہروں کی فہرست میں دوسرے نمبر پر ہے۔ اس کے بعد بلندشہر، بسرکھ جلالپور، نوئیڈا، گریٹر نوئیڈا، کانپور، لکھنؤ اور بھیواڈی ہیں۔ان شہروں میں آلودگی کی سطح کو پی ایم 2.5 کی بنیاد پر ماپا گیا ہے۔اس رپورٹ میں کووڈ 19 لاک ڈاؤن کے اثرات اور دنیا بھر میں پی ایم 2.5 آلودگی پھیلانے والے اثرات کو بھی بتایا گیا ہے۔
ہندوستان میں آلودگی کے بنیادی عوامل نقل و حمل، کھانا پکانے کیلئے ایندھن جلانا، بجلی کی پیداوار، صنعت، مینوفیکچرنگ کا کام، فضلہ جلانا اور وقتا فوقتا پرالی جلانا ہیں۔اس رپورٹ کے مطابق ہندوستان کے شہروں میں پی ایم 2.5 آلودگی کا سب سے بڑا ذریعہ ٹرانسپورٹ سیکٹر ہے۔



