حیدرآباد:(اردودنیا.اِن)ایک خاتون نے اپنے شوہر کو قتل کرکے اپنے ہی مکان میں دفنادیا ۔یہ دلدوز واقعہ حیدرآباد کے ونستھلی پورم میں آج ایک ماہ بعد منظر عام پر آیا ہے ۔پولیس کے بموجب گگن اگروال نے دو سال قبل اپنی بیوی کو طلاق دینے کے بعد گزشتہ سال نوشین نامی38 سالہ خاتون سے شادی کرلی تھی۔
کئی دنوں سے اپنے سابق شوہر کے نظرنہ آنے اور لاپتہ ہونے پر پولیس میں نوشین پر شک و شبہ کرتے ہوئے شکایت کی تھی ۔ جس کے بعد پولیس نے نوشین کو اپنی تحویل میں لیکر تفتیش کی تو اس نے اعتراف کرلیا کہ 8 فروری کو اپنے شوہر کیساتھ جھگڑا اور بحث و تکرار کے بعد اس نے اپنے شوہر کا قتل کردیا اور خوف کی وجہ سے اپنے مردہ شوہر کی نعش کو اپنے ہی گھر میں گڑھا کھودکر دفن کردیا ۔
دوسری جانب شوہر کے قتل کے بعد اس خاتون نے خود 8فروری کو ہی ایل بی نگر پولیس اسٹیشن میں اپنے شوہر کی گمشدگی کی شکایت درج کروائی تھی !۔بیوی کے اعتراف کے بعد پولیس نے آج اسکے مکان سے دفن شدہ شوہر کی نعش کی باقیات برآمد کرتے ہوئے پوسٹ مارٹم کی غرض سے روانہ کیا اور اس خاتون کو گرفتار کرلیا گیا۔اس سلسلہ میں پولیس ایک کیس درج رجسٹر کرکے مزید تحقیقات میں مصروف ہے۔




