
نئی دہلی:(اردودنیا.اِن)رسول اکرم ﷺ کی شان اقدس میں گستاخی کر نے والے نر سنگھ آنندنامی شخص پر سخت سے سخت کارروائی کر نے کے لیے مختلف پلیٹ فارم کے ذریعہ حکومت وانتظامیہ پر دبائو بنایا جا رہا ہے ،جہاں ایک طرف سوشل میڈیا پرنرسنگھ آنند پر کُہرام مچاہوا ہے اوراس پر کڑی کارروائی کی مانگ کی جارہی ہے ،
وہیں دہلی اقلیتی کمیشن نے آج نر سنگھ آنند کو نوٹس جاری کیا ہے اور 15اپریل تک جواب دینے کو کہا ہے۔ ڈی ایم سی کے صدر ذاکر خان منصوری کی طرف سے جاری نوٹس میں کہا گیا ہے کہ 4اپریل کو ایک انگریزی اخبار میں شائع خبر کے مطابق مسلمانوں کے پیغمبرونبی آخر الزماں محمد مصطفی ﷺ کی شان میں گستاخی کی گئی ہے ، جس کی شدید طور پر مذمت کرتے ہیں اور 15اپریل تک عوامی طور پر آکر معافی مانگیں ۔
ذاکر خان منصوری نے کہا کہ ہم ہر مذاہب اور ان کے رہنمائوں کااحترام کرتے ہیں ، ہم چاہتے ہیں کوئی بھی کسی بھی دھرم کے عقیدت و جذبات کو مجروح نہ کرے ، ایسے میں نر سنگھ آنند نے جس طرح رسول اکرم ﷺ کی شان اقدس میں گستاخی کی ہے وہ شدیدمذمت کے لائق ہے ۔انہوں نے مزید کہا کہ ہزاروں سال پرانی گنگا جمنی تہذیب کو باقی رکھناہمارا اولین ترجیح ہے، جولوگ سماج میں نفرت کازہر گھول رہے ہیں یا معاشرہ کو تقسیم کر نے کی کوشش کررہے ہیں،
وہ لائق افسوس ومذمت کے قابل ہے۔انہوں نے بتایا کہ نر سنگھ آنندسرسوتی اپنی جانب سے کہی گئی متنازعہ بات پر 15اپریل تک معافی نہیں مانگتے ہیں توکمیشن ان پرقانونی کارروائی کرے گا ۔



