جرائم و حادثات

دہلی: آکسیجن کی کمی کے دوران بلیک مارکیٹنگ کرنے والے تین افراد گرفتار

50 ہزار میں فروخت کررہے تھے ایک سلنڈر

نئی دہلی:(اردودنیا.اِن)جنوبی دہلی پولیس نے 3 افراد کو گرفتار کیا جو آکسیجن سلنڈر اور نائٹروجن سلنڈر کی بلیک مارکیٹنگ کررہے تھے۔ دراصل پورے ملک میں آکسیجن کی کمی ہے اور اسی کمی کی وجہ سے کچھ لوگ زیادہ سے زیادہ منافع کمانے کے لیے آفات کا فائدہ اٹھاکرکالابازی پر اتر آئے ہیں۔جنوبی دہلی کے ڈی سی پی اتول ٹھاکر نے بتایا کہ ٹیم کو اطلاع ملی ہے کہ کچھ لوگ آکسیجن سلنڈر بلیک میں بہت مہنگے داموں میں فروخت کررہے ہیں اور اس سے کہیں زیادہ منافع کما رہے ہیں۔

دہلی پولیس کی ٹیم نے ان لوگوں پر مستقل نگاہ رکھی۔ اس دوران پولیس کو معلوم ہوا کہ ایک شخص گھٹورنی میٹرو اسٹیشن کے قریب آکسیجن سلنڈر کی بلیک مارکیٹنگ کررہا ہے۔اطلاع ملتے ہی پولیس کی ٹیم وہاں پہنچی اور اسے گرفتار کرلیا ۔ گرفتار شخص کا نام موہت ہے۔ پولیس کو اس کے پاس سے ایک بڑا سلنڈر اور ایک چھوٹا سلنڈر ملا ہے۔ تفتیش کے دوران اس نے بتایا کہ وہ بڑا سلنڈر 50 ہزار اور چھوٹا سلنڈر 30 ہزار روپئے میں فروخت کررہا تھا۔

دوران تفتیش موہت نے یہ بھی بتایا کہ یہ سلنڈر اسے سمت اور انصار نامی لوگ انہیں دے رہے تھے ، جس کے بعد وہ مزید زیادہ قیمت پر فروخت کررہا تھا۔ موہت کے کہنے پر پولیس نے دہلی کے علاقے ایا نگر پر چھاپہ مارا اور سمت اور انصار کو گرفتار کرلیا۔

پولیس نے ان سے چار آکسیجن سلنڈر اور پانچ نائٹروجن سلنڈروں کے ساتھ متعدد فلو میٹر بھی برآمد کرلئے ہیں۔پولیس نے ان تینوں کے خلاف مقدمہ درج کرلیا ہے اور تفتیش کی جارہی ہے ، یہ بھی معلوم کیا جارہا ہے کہ اس سے قبل یہ لوگ آکسیجن میں کتنے سلنڈروں کی بلیک مارکیٹنگ کرچکے ہیں۔

متعلقہ خبریں

Back to top button