بین ریاستی خبریںسرورق

دہلی تشددکیس :نتاشا ناروال کو ملی عبوری ضمانت ، والد کے آخری رسومات میں ہونا ہے شامل

نئی دہلی:(اردودنیا.اِن/ایجنسیاں)دہلی تشدد کی ملزمہ پنجرا توڑکی رکن نتاشا ناروال کو عبوری ضمانت مل گئی ہے۔ دہلی ہائی کورٹ نے نتاشا ناروال کو والد کی آخری رسومات میں شرکت کے لئے عبوری ضمانت دے دی ہے۔ دہلی ہائی کورٹ نے نتاشا ناروال کو 50 ہزار روپے کے ذاتی مچلکے پر مشروط ضمانت منظور کرلی ہے۔ نتاشا ناروال نے بتایا کہ اس کے والد کا گذشتہ رات روہتک کے ایک اسپتال میں انتقال ہوگیا اور اس کا بھائی کورونا انفیکشن میں مبتلا ہے۔

ہائی کورٹ نے کہا کہ ہمیں بتایا گیا تھا کہ نتاشا کے والد کی آخری رسومات ادا کرنے کے لئے اس کے خاندان میں ابھی کوئی ممبر نہیں ہے ، باپ کی لاش اسپتال میں رکھی ہوئی ہے۔ ہائیکورٹ نے پوچھا کیا آخری رسومات کے لئے نتاشا کے اہل خانہ میں کوئی دوسرا ممبر نہیں ہے؟’ نتاشا کے وکیل نے بتایا کہ اس کی والدہ کا 15 سال قبل انتقال ہوگیا اور بھائی کورونا میں مبتلا ہیں۔

دہلی ہائی کورٹ نے کہا کہ انصاف کے مفاد کو مدنظر رکھتے ہوئے ہم سمجھتے ہیں کہ غم اور ذاتی نقصان کے اس وقت اور اس کیس کے حقائق کے پیش نظر رہائی ضروری ہے۔حکومت نے بھی اس درخواست کی مخالفت نہیں کی ہے۔واضح رہے کہ دہلی تشدد میں متعدد ملزمان کو گرفتار کیا گیا تھا ، ان میں نتاشا ناروال بھی شامل ہیں۔ نتاشا ان 18 ملزمان میں سے ہیں جن کے خلاف غداری کے جرم کا الزام ہے ۔ غداری کے معاملے میں زیادہ سے زیادہ عمر قید کی سزا کا بندوبست ہے۔

متعلقہ خبریں

Back to top button