نئی دہلی،21جنوری(اردودنیا۔ان)بینک دھوکہ دہی معاملے میں ایک شخص کو گرفتار کیا گیا ہے۔ یہ معاملہ جعلی دستاویزات استعمال کرکے بینکوں سے قرض لینے سے متعلق ہے۔ جمعرات کو یہ معلومات دیتے ہوئے پولیس نے بتایا کہ ملزم سریش کمار پرتھی ہریانہ کے سونی پت کا رہائشی ہے، اس کو بدھ کے روز دہلی پولیس کے اقتصادی جرائم ونگ نے گرفتار کیا تھا۔ اس کا ساتھی اور مرکزی ملزم ستیش شرما پہلے ہی گرفتار ہوچکاہے۔
پولیس نے بتایا کہ 64 سالہ پرتھی نے شرما کے ساتھ مل کر بیچنے والے اصل دستاویزات کے کئی سیٹ تیار کئے۔ اس کے بعد شرما نے جائیداد کے یہ جعلی دستاویزات پیش کرکے بینکوں سے قرض لیا۔ انہوں نے کہا کہ قرض لینے کے بعد ملزم نے کوئی قسط ادا نہیں کی اور نہ ہی قرض واپس کیا۔ پولیس نے بتایا کہ معاملہ پارلیمنٹ اسٹریٹ پر واقع یو سی او بینک کے اسسٹنٹ جنرل منیجر نے بتایا ہے۔ انہوں نے الزام لگایا کہ ستیش شرما نامی شخص نے سونی پت میں اسکول خریدنے کے لئے دو کروڑ روپے کا قرض لیا تھا۔
یہ قرض سونی پت میں ایک پراپرٹی کو گروی رکھ کے حاصل کیا گیا تھا۔ پولیس کے مطابق بینک نے پایا کہ شرما نے اسی پراپرٹی پر مغربی دہلی کے مایاپوری میں واقع ایک اور بینک سے چار کروڑ روپے کا دوسرا قرض لیا تھا۔ جوائنٹ کمشنر آف پولیس (اقتصادی جرائم ونگ) او پی مشرا نے کہا کہ تفتیش کے دوران پتہ چلا کہ شرما کے ذریعہ یو سی او بینک کو پیش کردہ سیل ڈیڈ کے دستاویز سونی پت کے سب رجسٹرار کے ریکارڈ سے ملتے نہیں ہیں۔