
نئی دہلی:(اردودنیا.اِن)دہلی میں کورونا کے بڑھتے ہوئے کیسزکے پیش نظر کیجریوال حکومت نے آج سے رات کے وقت کرفیو کا اعلان کیا ہے۔ دہلی کے سرکاری عہدیداروں کے مطابق 30 اپریل تک دہلی میں رات 10 بجے سے صبح 5 بجے تک نائٹ کرفیونافذ رہے گا۔ اس کے ساتھ ہی حکومت نے آج سے 24 گھنٹے کورونا ویکسین لگانے کا بھی اعلان کیا ہے۔ ایسی صورتحال میں کہ لوگوں میں کسی طرح کا شک پیدا نہ ہو حکومت نے ساتھ ساتھ یہ معلومات بھی فراہم کردی ہے کہ اس کرفیو میں بھی کن لوگوں کو رات میں جانے کی اجازت دی جائے گی۔
واضح رہے کہ دہلی کی حکومت لاک ڈاؤن کے حق میں نہیں ہے ، خود سی ایم کیجریوال دہلی میں لاک ڈاؤن نہیں لگانے کی کی بات کہہ چکے ہیں۔ دہلی میں نافذ نائٹ کرفیو کے دوران ٹریفک نقل و حمل پر کوئی پابندی نہیں ہوگی۔ جو لوگ کورونا کا ٹیکہ لگوانا چاہتے ہیں انہیں رعایت ہوگی لیکن انہیں ای پاس لینا ہوگا ۔ اس کے علاوہ راشن ، کرانہ ، پھل ،سبزی، دودھ ، دوائی سے وابستہ دکاندارای پاس کے ذریعہ دکان چلا چلانے کی اجازت ہوگی۔
جبکہ میڈیا والے کو آمدورفت کی آزادی ہوگی لیکن اس کے لئے انہیں ای پاس لینا ہو گا۔ نافذ قوانین کے مطابق پرنٹ اور الیکٹرانک میڈیا کوای پاس کے ذریعے آمدورفت کی اجازت ہوگی۔ اسی کے ساتھ ہی نجی ڈاکٹر ،نرس پیرامیڈیکل اسٹاف کو بھی شناختی کارڈ دکھانے پر رعایت ملے گی۔اس کے علاوہ ائیرپورٹ ریلوے اسٹیشن اور بس اڈے پر آنے والے مسافروں کو ٹکٹ دکھانے پر رعایت دی جائے گی۔
حاملہ خواتین اور علاج کے لئے جانے والے مریضوں کو رعایت ملے گی۔ ضروری خدمات کے بارے میں بات کریں تو ضروری خدمات میں مصروف تمام محکموں کے افراد کو رعایت دی جائے گی ۔ دہلی حکومت کے حکم میں کہا گیا ہے کہ یہ حکم لوگوں کی آمدورفت کے بارے میں ہے نہ کہ ضروری سامان اور ضروری خدمات کے بارے میں۔



