نئی دہلی: (اردودنیا.اِن)دہلی پولیس کے سائبر سیل نے ایک ایسے گروہ کو بے نقاب کیا ہے جو نوکریاں دلانے کے نام پر نوجوانوں کو دھوکہ دے رہا تھا۔ گینگ کے 5 ارکان کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔ اس گروہ نے اب تک 500 سے زائد نوجوانوں کو اپنا شکار بنایا ہے اور ان کے پاس ساڑھے سات کروڑ روپئے سے زائد کی رقم برآمد کی گئی ہے۔ اس گروہ کا ماسٹر مائنڈ منوج ہوٹا ہیومن ریسورس میں پی ایچ ڈی کرچکا ہے۔ انہوں نے متعدد اداروں میں بطور گیسٹ فیکلٹی کام کیا ہے اور فی الحال وہ اپنا کالج چلا رہا تھا ۔
صرف یہی نہیں یہ فرضی کال سنٹر بھی چلا رہا تھا جہاں سے نوجوانوں سے رابطہ کرتا تھا اور ان کو پھنساتا تھا ۔ ان ٹھگوں نے بہت ساری ویب سائٹ اور ای میل آئی ڈی بنارکھی تھی۔ دہلی پولیس کے سائبر سیل کے ڈی سی پی انیش رائے کا کہنا ہے کہ اتم نگر کے رہائشی ایک نوجوان نے شکایت کی ہے کہ اس کے ساتھ 20 لاکھ روپے کی دھوکہ دہی کی گئی ہے۔
اس کا فون آیا اور فون کرنے والوں نے خود کو مختلف جاب پورٹلز کا ایگزیکٹو بتایا تھا۔ ان لوگوں نے معروف ملٹی نیشنل کمپنیوں میں ملازمت دلانے کی بات کہہ کر 20 لاکھ روپئے کی دھوکہ دہی کی ہے ۔



