نئی دہلی:(اردودنیا.اِن)دہلی کے راجندر نگر کے ایک اسکول سے 9 بچے کورونا پوزیٹیوپائے گئے ہیں۔ معلومات کے مطابق پہلے اسکول کی پرنسپل کورونا پوزیٹیوہوئیں ، جس کے بعد بچوں کا ٹیسٹ کیا گیا جس میں وہ کورونا سے متاثر پائے گئے۔ اس اسکول میں اب تک ایک پرنسپل اور 9 بچے کورونا سے متاثر پائے گئے ہیں ، جب کہ مزید 15 بچوں کاکورونا ٹیسٹ کرایا گیا ہے۔ ابھی ان کی رپورٹ آنا باقی ہے۔
اسکول فی الحال بند اور سینیٹائز کردیا گیا ہے۔دہلی حکومت کے حالیہ حکم کے مطابق یکم اپریل سے شروع ہونے والے نئے تعلیمی سیشن کے لئے دہلی کے اسکولوں میں کوئی جسمانی کلاس نہیں ہوگی۔ دہلی اسکول کے طلبہ کو اگلے احکامات تک اپنی تعلیم آن لائن موڈ میں جاری رکھنی ہوگی۔ تاہم اس حکم میں کہا گیا ہے کہ نویں سے بارہویں جماعت کے طلبہ کو پریکٹیکل امتحانات میں شرکت کے لئے اجازت دی گئی ہے ،
اس کے علاوہ مڈ ٹرم امتحان ، پری بورڈ امتحان ، سالانہ اور بورڈ امتحانات کے لیے ہی طلب کیا جاسکتا ہے۔ ابھی گزشتہ ہفتے ہی دہلی یونیورسٹی کے سینٹ اسٹیفن کالج میں بہت سے طلباء اور عملے کوویڈ سے متاثر پائے گئے تھے۔
حال ہی میں 25 طلبہ کا ایک گروپ کالج سے ٹرپ پر ڈلہوزی گیا تھا۔ وہاں سے واپس آنے پر بہت سے طلبہ اور کالج کے اسٹاف کورونا سے متاثر پائے گئے۔ جس کے بعد دیگر طلبہ کو گھروں میں ہی رہنے کو کہا گیا اور اسٹاف کو ہوم آئیسولیٹ کردیا گیا۔



