بین ریاستی خبریں

دہلی ہائی کورٹ نے جمع خوری اور بلیک مارکیٹنگ کے الزام میں گرفتار افراد کوجاری کیا توہین عدالت کا نوٹس

نئی دہلی :(اردودنیا.اِن/ایجنسیاں)دہلی ہائی کورٹ نے بدھ کے روز جمع خوری اور بلیک مارکیٹنگ کے الزام میں گرفتار افراد کو توہین عدالت کا نوٹس جاری کیا۔ دہلی پولیس نے ان کے خلاف کورونا مریضوں کے زیر استعمال دواؤں، آکسیجن اور طبی آلات کی بلیک مارکیٹنگ کے الزام میں مقدمہ درج کیا ہے۔دہلی حکومت نے ہائی کورٹ کے سامنے 2 مئی سے 8 مئی کے درمیان درج ملزمان کے ایف آئی آر اور ان کے ناموں کی ایک فہرست پیش کی۔

حکومت نے کہا کہ کل رات گئے نوٹس بھیجے گئے تھے،اس لئے بہت سے لوگ وقت پر نہیں مل سکے۔57 ملزمان کی فہرست عدالت کے روبرو رکھی گئی۔ ان میں سے کچھ ملزمان عدالت میں پیش بھی ہوئے۔ ان میں میٹرکس کیس میں ضمانت پانے والے تین ملزم بھی تھے۔ عدالت نے ان سب کو توہین عدالت کا نوٹس جاری کرتے ہوئے انہیں دو ہفتوں میں جواب دینے کی ہدایت دی۔باقی آئندہ سماعت پر پیش ہوں گے، جو 3 جون کو ہوگی۔

حکومت نے کہا کہ اس دوران وہ 8 مئی کے بعد درج ایف آئی آر کی تفصیلات عدالت کے سامنے رکھیں گے۔اس سے قبل سماعت میں دہلی ہائی کورٹ نے مرکزی حکومت کو حکم دیا تھا کہ وہ آکسیجن کنٹینر سمیت کورونا مریضوں کے علاج کے لئے استعمال ہونے والے تمام طبی آلات کی زیادہ سے زیادہ خوردہ قیمت (ایم آر پی) طے کرے۔

عدالت نے کہا تھا کہ قیمت طے کرنے کا بہترین وقت ان آلات کی جمع خوری اور بلیک مارکیٹنگ کو روکنا ہے، اس سے دوچار مریضوں کو راحت ملے گی، وہ انہیں مناسب قیمتوں پر خرید سکیں گے۔

متعلقہ خبریں

Back to top button