نئی دہلی:(اردودنیا.اِن)دہلی میں کورونا کیسز تیزی سے بڑھ رہے ہیں اور ہولی کے تہوار کی وجہ سے اعداد و شمار میں بھی زبردست اضافہ دیکھا جاسکتا ہے۔ اس کے پیش نظر دہلی کے وزیر صحت ستیندر جین نے لوگوں سے اپیل کی ہے کہ وہ عوامی مقامات پر ہولی نہ منائیں۔ ستیندر جین نے دہلی کے عوام سے کہا کہ ایسا کوئی پروگرام نہ کریں ، جس سے کورونا بڑھنے کا امکان ہو۔
عوامی مقامات پر ہولی منانے والوں کے خلاف قانونی کارروائی کرنے کے لئے تمام ضلعی سطح کے ضلعی مجسٹریٹ اور پولیس کی نگرانی میں دہلی میں ٹیمیں بھی تشکیل دی جارہی ہیں۔ہولی پر عوامی پروگرام نہ منعقد کرنے کے قواعد کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف قانونی کارروائی بھی کی جاسکتی ہے۔
ستیندر جین نے کہا کہ دہلی میں عوامی مقامات پر ہولی کھیلنا ممنوع ہے اور حکومت نے اس اصول پر عمل کرنے کے لئے متعدد ٹیمیں تشکیل دی ہیں۔ یہ ٹیمیں ضلعی سطح پر تشکیل دی جارہی ہیں۔ اس کے لئے ضلعی مجسٹریٹ اور دہلی پولیس کو ہدایات دی گئی ہیں۔اگر کسی کو بھی قوانین کی خلاف ورزی کرتے ہوئے پایاگیا ہے تو قانونی کارروائی کی جائے گی۔
دراصل دہلی میں حکومت نے عوامی مقامات پر ہولی ، شب برات اورنوراتری کا تہوار منانے پر پابندی لگائی ہے۔ دہلی حکومت کے حکم کے تحت تہواروں کے دوران دہلی میں کسی بھی عوامی جگہ ، عوامی مقامات، عوامی پارک ،مارکیٹ یا مذہبی مقام پر لوگوں کے جمع اور اجتماع کرنے پر پابندی ہوگی۔ستیندر جین نے دہلی کے عوام سے ان اصولوں پر عمل کرنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ میں اپیل کرنا چاہتا ہوں کہ یہ ہولی کا تہوار ہے ، خوشی سے منائیں لیکن گھر کے اندر۔ اگلے سال ہولی یا دیگر تہوار ایک بار پھر آئیں گے۔
اگر آپ تہوار کو عوامی سطح پر منانا چاہتے ہیں تو اگلے سال منائیں۔ لیکن اگر 50 افراد جمع ہو رہے ہیں تو وہ ایک دوسرے کے ساتھ رابطے میں آجائیں گے اس وقت خطرہ ہوسکتا ہے۔



