
رائے پور میں ایمس کے مریض نے دوسری منزل سے کود کر کی خودکشی، بیوی نے بھی کی خودکشی کی کوشش
رائے پور:(اردودنیا.اِن)چھتیس گڑھ کے دارالحکومت رائے پور آل انڈیا انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز (ایمس) میں کووڈ کی علامتوں والے مریض نے دوسری منزل سے چھلانگ لگا کر خودکشی کرلی۔ رائے پور کے ضلع پولیس عہدیداروں نے بدھ کے روز بتایا کہ 26 سالہ دلیپ کمار نے رات گئے ایمس میں دوسری منزل سے چھلانگ لگا کر خودکشی کرلی۔ پولیس عہدیداروں نے بتایا کہ بلوڈوبازار علاقے کے رہائشی دلیپ کو رواں ماہ کی 26 تاریخ کو ایمس میں داخل کرایا گیا تھا۔
دلیپ کو بخار تھا ،اس لئے اسے وارڈ میں داخل کرایا گیا جہاں کووڈ19 کی علامات والے مریضوں کا علاج کیا جاتا ہے۔انہوں نے بتایا کہ دوران علاج، دلیپ نے منگل تا بدھ کی درمیانی شب اسپتال کی دوسری منزل سے چھلانگ لگا کر خودکشی کرلی۔ عہدیداروں نے بتایا کہ پولیس نے مقدمہ درج کرلیا ہے اور کیس کی تفتیش کی جارہی ہے۔یہاں ایمس نے ایک بیان جاری کرکے کہاہے کہ 26 اپریل کو کووڈ19 کی علامات والے بلوڈوبازار کے 26 سالہ مریض کو داخل کرایا گیا تھا، اسے 27 اور 28 اپریل کی درمیانی شب این آئی وی میں رکھا گیا تھا۔
اس دوران مریض کی اہلیہ اور دیگر عملہ بھی وہاں موجود تھا۔ 27 اپریل کی آدھی رات کے بعد، تقریبا 2ڈھائی بجے مریض ڈی بلاک کی دوسری منزل سے کود گیا۔ایمس نے کہا ہے کہ واقعے کے بعد مریض کا فوری علاج شروع کیا گیا تھا، لیکن وہ بچا نہیں جاسکا۔ اسی دوران مریض کی اہلیہ نے بھی خود کشی کی کوشش کی لیکن ایمس کے عملے کی کوششوں کی وجہ سے اسے روک لیاگیا۔
ایمس کے جاری کردہ بیان کے مطابق مریض کی کووڈ 19 رپورٹ میں اس انفیکشن کی تصدیق نہیں ہوئی ہے۔ مریض کی لاش اس کے لواحقین کے حوالے کردی گئی ہے۔



