
جے پور :(اردودنیا.اِن) پیر کی رات جودھ پور ضلع کی پھلودی جیل سے فرار ہونے والے 16 قیدیوں کی سی سی ٹی وی فوٹیج منظر عام پر آئی ہے۔ یہ بات واضح ہے کہ جیل سے بھاگنے کی سازش قبل از وقت کرلی گئی تھی کیونکہ تمام 16 قیدی جیل سے فرار ہو کر پہلے سے ہی باہر کھڑے اسکار پیو میں بیٹھے ہیں ۔سکیورٹی گارڈز کے بھی اس پورے واقعے میں ملوث ہونے کا شبہ ہے۔ اس واقعے کے بہت دیر بعد پولیس انتظامیہ کو آگاہ کیا گیا۔
یہی وجہ ہے کہ جودھ پور اور ملحقہ اضلاع میں پولیس کی ناکہ بندی اور تلاشی کے باوجود ایک بھی قیدی ہاتھ نہ لگا ۔ تفتیش کے دوران بادی النظر میں مجرم پائے گئے ، جیلر نوی بخش ، محافظ سنیل کمار ، مدن پال سنگھ اور مدھو دیوی کو معطل کردیا گیا ہے ۔ جودھ پور رینج کی ڈی آئی جی جیل سریندر سنگھ شیخوات کو اس معاملے کی تحقیقات سونپی گئی ہیں۔پولیس جیل میں تعینات گارڈز سے پوچھ گچھ کررہی ہے۔
جیل سے آگے کی سڑک میں نصب سی سی ٹی وی فوٹیج کی بھی نشاندہی کرنے کے لئے جانچ کی جارہی ہے ، لیکن پولیس کے ہاتھ خالی ہیں۔ واضح ہو کہ پیر کی رات 8 بجے 16 قیدی ایک ساتھ فرار ہوگئے تھے، دن میں یہ قیدی بیرکوں کے ساتھ کھلی جگہ میں تھے ، انہیں شام کے وقت بیرکوں میں ڈالا جارہا تھا۔
اسی دوران قیدیوں نے گیٹ کھول کانسٹیبل اور جیلر کو دھکا مار کر باہر نکل گئے ۔ اس کے بعد وہاں کھڑے سیکورٹی اہلکار کی آنکھوں میں سرخ مرچ کا پاوڈر پھینک کر اور آگے تعینات خاتون گارڈ کو اٹھاکردوسری طرف پھینک کر فرار ہوگئے۔فرار ہونے والے زیادہ تر قیدی اسمگلنگ کے ساتھ پھلودی کے علاقے کے رہائشی ہیں۔
ایسی صورتحال میں انہیں علاقہ کا مکمل علم ہے۔پولیس اپنے طو رپر ان کی گرفتار ی کے لئے مختلف مقامات پر چھاپہ ماری کررہی ہے ، تادم ِ تحریر پولیس کو ابھی تک نامراد ہی رہنا پڑا ہے ۔



