قومی خبریں

راجیہ سبھا میں زرعی قوانین پر بحث نہ ہونے کی بات غلط: نائیڈو

راجیہ سبھا میں زرعی قوانین پر بحث نہ ہونے کی بات غلط: نائیڈو

ایوان
PTI

نئی دہلی،2فروری(آئی این ایس انڈیا)منگل کو راجیہ سبھا کے چیئرمین ایم وینکیا نائیڈو نے کہا کہ ایوان بالا میں بحث کئے بغیر آخری سیشن میں تینوں زرعی قوانین منظور کرنے کے دعوے غلط ہیں۔ انہوں نے ممبران سے ایسی کسی بھی صورتحال کوٹالنے کی بھی اپیل کی جس سے ایوان اور قوم کے مفادات متاثر ہوں۔

پارلیمنٹ کے آخری سیشن میں تینوں زرعی بلوں کی منظوری کے وقت ایوان بالا میں ہونے والے زبردست ہنگامے کی نشاندہی کرتے ہوئے نائیڈو نے ممبران سے موجودہ بجٹ اجلاس کوزیادہ معنی خیز بنانے کی اپیل کی۔انہوں نے مزید تفصیلات نہ بتاتے ہوئے کہا کہ آخری بار کچھ بدقسمتی والے واقعات ہوئے تھے۔ ستمبر میں آخری سیشن میں زرعی شعبے کی بہتری کیلئے لائے ہوئے تینوں بلوں کی منظوری کے وقت حزب اختلاف کے کچھ ارکان نے کاپی کو پھاڑ دیا تھا اورچیئرمین کے قریب آکر ہنگامہ کیا تھا۔

انہوں نے کہا کہ لوگ کہتے ہیں کہ ایوان میں زرعی قوانین پر بحث نہیں ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ اس سلسلے میں ایوان کے کام کا ریکارڈ دیکھنا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ ریکارڈ کے مطابق ایوان میں چار گھنٹوں تک زراعت بلوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ نائیڈو نے کہا کہ ووٹوں کی تقسیم کے حوالے سے ان بلوں کولے کر مختلف رائے ہوسکتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ انہوں نے پہلے ہی اس بات کا اعادہ کیا ہے کہ ایوان میں زرعی قوانین پر تفصیلی گفتگو ہوئی ہے۔ انہوں نے کہاکہ یہ غلط فہمی پیدا کی جارہی ہے کہ اس پر کوئی بحث نہیں ہوئی، لوگوں کے ووٹنگ کولے کر اپنے اپنے دلائل ہوسکتے ہیں لیکن جہاں تک بات چیت کے مسئلے کا تعلق ہے، تمام فریقوں نے حصہ لیا اور تجاویز دی، یہ ریکارڈ میں ہے۔

متعلقہ خبریں

Back to top button